Monday, October 20, 2025 | 28, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد دوبارہ جنگ بندی بحال،51 فلسطینیوں کی پھر گئی جان

غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد دوبارہ جنگ بندی بحال،51 فلسطینیوں کی پھر گئی جان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 20, 2025 IST

غزہ میں اسرائیلی حملوں کے بعد دوبارہ جنگ بندی بحال،51 فلسطینیوں کی پھر گئی جان
غزہ میں حالیہ  جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے  اسرائیلی حملوں میں کم از کم 51 فلسطینی  جاں بحق ہو چکے ہیں۔معاہدے کے بعد اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے مزید 150 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔الاقصیٰ اسپتال کے طبی ذرائع کے مطابق، وسطی غزہ میں اسرائیلی حملے میں پانچ فلسطینی ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس سے قبل، شمالی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں دو فلسطینی مارے گئے تھے۔غزہ کے میڈیا آفس کے مطابق، حماس کے ساتھ امریکی ثالثی کی جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے، اسرائیل نے اب تک 47  مرتبہ  جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو فوج نے رفح اور جنوبی غزہ کے دیگر مقامات پر حملے کیے۔
 
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ حملے اسرائیلی افواج اور حماس کے درمیان مبینہ طور پر فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہوئے۔فلسطینی حکام نےاقوام متحدہ اور معاہدے کے ضامن فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل  کو اپنی جاری جارحیت کو ختم کرنے اور غیر مسلح شہری آبادی کے تحفظ کے لیے فوری طور پر مداخلت کریں۔اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس پر جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی کے الزامات کے جواب میں حماس نے واضح کیا ہے کہ وہ غزہ میں فائر بندی کے معاہدے پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے۔
 
جنگ بندی معاہدہ بحال:
 
اسرائیل کی جانب سے قریب 51 فلسطینیوں کی شہادت کے بعد غزہ میں جنگ بندی کا معاہدہ دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جنگ بندی کی بحالی میں مصر، ترکی، قطر اور امریکا نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔وہیں حماس نے اسرائیل کے ان دعووں کو سختی سے مسترد کیا ہے کہ حملے اس کے اہلکاروں کے خلاف کیے گئے۔حماس نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل جان بوجھ کر جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے بہانے تراش رہا ہے۔
 
کیوں ہوا دوبارہ حملہ؟
 
اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اس ماہ کے شروع میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ امن معاہدے کے بعد طے پائی  ہے۔تاہم  اتوار کو اسرائیلی فوج نے الزام لگایا کہ حماس کے جنگجوؤں نے جنوبی غزہ میں اس کے فوجیوں پر فائرنگ کی ،جس میں دو فوجی مارے گئے ۔ اس کے جواب میں اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حماس کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں متعدد بچوں سمیت دیگر  فلسطینی شہری جاں بحق ہوگئے۔
 
اسرائیلی وزیر اعظم نے دی دھمکی:
 
غزہ معاہدے کے پہلے مرحلے کی شقیں تاحال نافذ العمل ہیں۔ ادھر اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے خبردار کیا کہ غزہ میں جنگ اُس وقت تک ختم نہیں ہو گی جب تک حماس کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کا دوسرا مرحلہ جس میں تحریک کو غیر مسلح کرنا شامل ہے مکمل طور پر نافذ نہیں ہو جاتا۔نیتن یاہو نے کہا کہ دوسرا مرحلہ حماس کے غیر مسلح کیے جانے پر مشتمل ہے۔انہوں نے مزید کہا جب یہ مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو جائے گا اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ آسان طریقے سے ہو، لیکن اگر ایسا نہ ہوا تو مشکل راستہ اختیار کیا جائے گا تب جا کر جنگ ختم ہو گی۔اس کے علاوہ اسرائیلی وزیرِ اعظم نےکہا کہ وہ 2026 کے پارلیمانی انتخابات میں ایک بار پھر وزارتِ عظمیٰ کے عہدے کے لیے امیدوار ہوں گے۔