چھتیس گڑھ:بھارتی ریاستوں میں سے ایک، جو اپنی معدنی دولت، گھنے جنگلات اور ثقافتی تنوع کے لیے مشہور ہے، یکم نومبر 2000 کومدھیہ پردیش سے الگ ہوکر وجود میں آنے والی یہ ریاست آج اپنے 25 سال مکمل کر لیے ہیں،یہ سنگ میل ریاست کی ترقی، چیلنجز اور سیاسی ارتقا کی عکاسی کرتا ہے۔
جب چھتیس گڑھ نے ریاست کا درجہ حاصل کیا تو یہ ایک پسماندہ علاقہ تھا، مگر آج یہ تیزی سے ترقی پذیر ریاستوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کی جی ایس ڈی پی 2023-24 میں تقریباً 5.09 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے، جو معدنی وسائل جیسے کوئلہ اور لوہے کی کانوں پر مبنی ہے۔ 25 سالوں میں، یہ ریاست نہ صرف اقتصادی طور پر مضبوط ہوئی بلکہ قبائلی حقوق، جنگلات کی حفاظت اور انفراسٹرکچر میں بھی نمایاں پیش رفت حاصل کی۔
وہیں اگر ہم ریاست کی سیاسی تاریخ کو دیکھیں تو یہ چار وزیر اعلیٰ کی قیادت میں آگے بڑھی ہے، جو جمہوری عمل کی خوبصورتی کی عکاسی کرتی ہے۔ پہلے وزیر اعلیٰ اجیت جوگی ،جو 'جنتا کانگریس چھتیس گڑھ 'سے وابستہ تھے، جنہوں نے 2000 سے 2003 تک ریاست کی خدمت کی۔اس کے بعد ، رمن سنگھ (بھارتیہ جنتا پارٹی) 2003 سے 2018 تک وزیر اعلیٰ رہے۔
2018 کے انتخابات میں کانگریس کی واپسی ہوئی اور بھوپیش بگھیل ،جو 2018 سے 2023 تک وزیر اعلیٰ رہے۔ ان کی حکومت نے کسانوں کی فلاح، جنگلات کی بحالی اور قبائلی فلاحی پروگراموں پر زور دیا، مگر 2023 کے انتخابات میں BJP نے انہیں شکست دے کر واپسی کی ۔ موجودہ وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی ہیں،جو 2023 سے عہدے پر فائز ہیں اور ریاست کو مزید ترقی کی راہ پر لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے ریاست کا دورہ کیا:
اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست کا دورہ کیا اور یہاں ترقی کے حوالے سے کئی اہم منصوبوں کا آغاز کیا۔ ان منصوبوں کا مجموعی تخمینہ 14ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ان منصوبون کا تعلق صنعت، سڑکوں، صحت، توانائی اور دیہی ترقی کے شعبوں میں اہم ترقیاتی منصوبوں سے ہے ۔ان منصوبوں سے نہ صرف ریاست کی معیشت مستحکم ہو گی، بلکہ عوام کو روزگار کے نئے مواقع بھی ملیں گے۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ چھتیس گڑھ اب ایک نئی راہ پر گامزن ہے، اور یہاں کے عوام کی محنت اور ریاستی حکومت کی پالیسیوں کی بدولت ریاست کی ترقی کی رفتار تیز ہو رہی ہے۔
ریاست کے 25 سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے ' نوا رائے پوراٹل نگر 'میں ،سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے اسٹیچو کا افتتاح کیا،اور ودھان سبھا کی نئی بلڈنگ کا بھی افتتاح کیا ۔ودھان سبھا کی اس نئی بلڈنگ کو وقت کی ضرورتوں کے حساب سے بنایا گیا ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع پر ایک پیڑ ماں کے نام لگایا،اور عوام کو سندیش دیا ،کہ ہم سب ایک پیڑ ماں کےنام لگائیں۔
آج 25سال مکمل ہونے پر چھتیس گڑھ نہ صرف اپنی ثقافتی تہواروں کا جشن منا رہا ہے بلکہ سنہرے مستقبل کی کامیابیوں کے ساتھ آگے بھی بڑھ رہا ہے۔یہ موقع ریاست کو مزید جامع ترقی کی یاد دہانی کراتا ہے، جہاں ہر ایک فرد ریاست کی ترقی کے لیے گامزن ہے،چھتیس گڑھ کا یہ 25 سالہ سفرامید کی کرن ہے کہ آئندہ 25 سال مزید روشن ہوں گے۔