منی پور میں امن کی کوششوں کو لگا شدید دھچکا ہے۔ بشنو پورضلع میں سوموار کی رات مشتبہ کوکی باغیوں نے ایک گھر پر شدید حملہ کر دیا، جس میں 2 بچوں کی جان چلی گئی۔حملہ رات 1 بجے موئیرانگ ٹرونگلاوبی گاؤں کے ایک گھر پر ہوا۔ اس وقت ماں اپنے دونوں بچوں کے ساتھ سو رہی تھی، تبھی اچانک دھماکہ ہو گیا۔جس میں 5 سالہ لڑکے اور 6 ماہ کی بچی کی موت ہوگئی،جبکہ ماں زخمی ہو گئی ہے۔ حملے میں عورت کا گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
کوکی تنظیم کا انکار:
بشنو پور کی سرحد کوکی اکثریت والے چورا چند پور ضلع سے ملتی ہے۔ موئیرانگ ٹرونگلاوبی گاؤں 2023-24 کے نسلی تنازع کے دوران بار بار فائرنگ کا شکار رہا ہے۔کوکی سول سوسائٹی گروپ انڈیجینس ٹرائیبل لیڈرز فورم (ITLF) نے بیان جاری کر کے حملے میں کوکیوں کی شمولیت کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی ملاقات:
منی پور کے وزیراعلیٰ یومنام خیم چند سنگھ نے منگل کی صبح امپھال کے ایک ہسپتال میں دونوں بچوں کو کھو چکی متاثرہ ماں سے ملاقات کی۔اس دوران سی ایم نے کہا:یہ وحشیانہ عمل انسانیت پر حملہ ہے اور منی پور میں قائم امن کو توڑنے کی سازش ہے۔ میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ مجرموں کی شناخت کر کے انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔ ایسے دہشت گردانہ اعمال برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
ایک دن پہلے بھی پیش آیا واقعہ:
اس سے ایک دن پہلے امپھال مشرقی ضلع میں ایک 7 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی۔ بچی پچھلے 3 سال سے ریلیف کیمپ میں رہ رہی تھی اور اتوار سے لاپتہ تھی۔ خاندان کی شکایت پر پولیس نے تلاش کی تو لاش ملی۔ تفتیش کے بعد 28 سالہ لیشرام لنگامبا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع پر مقامی لوگوں نے ملزم کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔پولیس نے پورے علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی ہے۔