Friday, May 01, 2026 | 13 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • جبل پور کے برگی ڈیم میں سیاحوں سے بھرا کروز ڈوبا، 8 لاشیں برآمد،ایک خاندان کے 15 افراد تھےسوار

جبل پور کے برگی ڈیم میں سیاحوں سے بھرا کروز ڈوبا، 8 لاشیں برآمد،ایک خاندان کے 15 افراد تھےسوار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 01, 2026 IST

جبل پور کے برگی ڈیم میں سیاحوں سے بھرا کروز ڈوبا، 8 لاشیں برآمد،ایک خاندان کے 15 افراد  تھےسوار
مدھیہ پردیش کے جبل پور میں ایک بڑا سانحہ پیش آیا ہے۔ یہاں نرمدا ندی پر بنے برگی ڈیم میں سیاحوں سے بھرا ایک کروز ڈوب گیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے کم از کم 22 سیاحوں کو بچا لیا، جبکہ جمعہ کی صبح تک 8 لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔ ابھی 15 افراد لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔حادثے کے وقت مدھیہ پردیش ٹورزم کے کروز میں 45 سے زائد مسافر سوار تھے۔ لاشوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
 
 کروز کیسے ڈوبا؟
 
پولیس اور انتظامی حکام نے بتایا کہ روزانہ کی طرح جمعرات کو بھی کروز پر سیاحوں کو سیر کرائی جا رہی تھی، اچانک وہ بے قابو ہو کر جھولا اور پانی میں ڈوبتا چلا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تیز ہواؤں اور آندھی کی وجہ سے کروز بے قابو ہوا تھا، جس کی وجہ سے اس میں پانی بھرنے لگا۔ حادثے کے وقت کروز ڈیم کے کنارے سے تقریباً 300 میٹر اندر تھا۔
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پانی میں ڈوبنے کے بعد کروز  گہرے پانی میں پھنس گیا۔ اسے باہر نکالنے کے لیے جے سی بی اور کشتیوں کی مدد لی گئی۔ اس دوران تقریباً 30 میٹر تک کروز کو کھینچا گیا، لیکن اب وہ ایک جگہ پھنس گیا ہے۔ رات میں خراب موسم کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، اس وقت تک 22 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔ ریسکیو آپریشن میں فوج کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
 
 سیاح لائف جیکٹ بھی نہیں پہن سکے:
 
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کروز میں حفاظتی تمام انتظامات موجود تھے، لیکن سیاحوں کو لائف جیکٹ پہنا کر نہیں بٹھایا گیا تھا۔ جب کروز بے قابو ہوا تو سیاحوں نے لائف جیکٹ پہننے کی کوشش کی، تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ کروز 20 سال پرانا ہے اور اس پر زیادہ سے زیادہ 60 مسافر سوار ہو سکتے ہیں۔ کروز میں ایک خاندان کے 15 افراد بھی سوار تھے۔ کروز کے ڈوبنے کا ویڈیو بھی سامنے آیا ہے۔