• News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • انسٹاگرام ریلز دیکھتے دیکھتے ایک لاکھ غائب، حیدرآباد میں سائبر فراڈ کا نیا طریقہ

انسٹاگرام ریلز دیکھتے دیکھتے ایک لاکھ غائب، حیدرآباد میں سائبر فراڈ کا نیا طریقہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Aug 07, 2026 IST

انسٹاگرام ریلز دیکھتے دیکھتے ایک لاکھ غائب، حیدرآباد میں سائبر فراڈ کا نیا طریقہ
حیدرآباد کے علاقے بنجارہ ہلز میں سائبر ٹھگی کا ایک عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک 27 سالہ نوجوان اپنے فون پر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ انسٹال ہوتے ہی99 ہزار روپے سے زائد کی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

واقعہ کیسے پیش آیا؟

بنجارہ ہلز کے رہنے والے متاثرہ نوجوان کے مطابق، یہ واقعہ 2 اگست کی رات کو پیش آیا۔ وہ اپنے موبائل فون پر انسٹاگرام کی ریلز دیکھ رہا تھا کہ اسی دوران اس کے فون میں خود بخود ایک سافٹ ویئر اپ ڈیٹ انسٹال ہونے لگا۔

صبح بینک اکاؤنٹ دیکھ کر اڑ گئے ہوش

اگلی صبح جب اس نے اپنا بینک اکاؤنٹ چیک کیا تو اس کے پیروں تلے زمین نکل گئی۔ اس کی اجازت اور علم کے بغیر اس کے اکاؤنٹ سے چار الگ الگ ٹرانزیکشنز کے ذریعے کل 99,018 روپے نکال لیے گئے تھے۔

پولیس اور سائبر سیل کی کاروائی

متاثرہ شخص نے فوری طور پر اس واقعے کی اطلاع مقامی پولیس کو دی۔ اس کی شکایت کی بنیاد پر بنجارہ ہلز پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور سائبر کرائم ٹیم اب اس آن لائن فراڈ کے طریقہ کار کا پتہ لگا رہی ہے۔

حالیہ وقت میں پیش آئیں واقعات  

ابھی کل ہی ایک اور انتہائی تشویشناک معاملہ سامنے آیا تھا، جہاں نظام پیٹ کی 'مائسمہ ریٹیل' کے ایک ملازم کو واٹس ایپ پر پیغام بھیج کر 1 کروڑ روپے کا چونا لگا دیا گیا۔ ٹھگ نے خود کو کمپنی کے مالک کا نمائندہ بتا کر فوری طور پر رقم ٹرانسفر کرنے کا کہا تھا، اور ملازم نے بغیر تصدیق کیے رقم منتقل کر دی تھی۔حیدرآباد میں بیک وقت دو بڑے فراڈ کے واقعات نے پولیس کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔

مالک کے نام پر ۱ کروڑ کا فراڈ

اطلاعات کے مطابق، نظام پیٹ کے رہائشی دلیپ کمار 'مائسمہ ریٹیل پرائیویٹ لمیٹڈ' "Maisamma Retail Pvt Ltd" نامی کمپنی چلاتے ہیں۔ منگل کے روز ان کی کمپنی کے ایک ملازم کو واٹس ایپ پر ایک نا معلوم نمبر سے پیغام موصول ہوا۔ پیغام بھیجنے والے نے خود کو کمپنی کے مالک کا نمائندہ ظاہر کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ مالکان کی ہدایت پر بات کر رہا ہے۔ پیغام میں کہا گیا کہ ایک ضروری ادائیگی  کے لیے فوری طور پر 1 کروڑ روپے بھیجنے کی ضرورت ہے، اور ساتھ ہی ایک بینک اکاؤنٹ نمبر بھی فراہم کیا گیا۔

بغیر تصدیق رقم ٹرانسفر کر دی

ملازم نے اس واٹس ایپ پیغام کو سچا سمجھا اور بغیر کسی تصدیق کے بتائے گئے بینک اکاؤنٹ میں 1 کروڑ روپے کی بھاری رقم منتقل کر دی۔ رقم ٹرانسفر کرنے کے بعد جب ملازم نے اس نمبر پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو آگے سے کوئی جواب نہیں ملا۔ شک ہونے پر جب ملازم نے اصل مالک دلیپ کمار سے بات کی، تو مالک نے کسی بھی قسم کی ایسی ہدایت دینے سے صاف انکار کر دیا۔

سائبر آباد پولیس میں مقدمہ درج

کمپنی انتظامیہ کو فوری اندازہ ہو گیا کہ وہ ایک بڑے سائبر فراڈ کا شکار ہو چکے ہیں۔ کمپنی کے نمائندوں نے بلا تاخیرسائبر آباد سائبر کرائم پولیس میں شکایت درج کروائی۔ پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں اور اس رقم کو فریز کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔