Wednesday, October 29, 2025 | 07, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • سمندری طوفان 'مونتھا' آندھرا کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اڈیشہ اور بنگال کی طرف بڑھا

سمندری طوفان 'مونتھا' آندھرا کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اڈیشہ اور بنگال کی طرف بڑھا

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 29, 2025 IST

سمندری طوفان 'مونتھا' آندھرا کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اڈیشہ اور بنگال کی طرف بڑھا
خلیج بنگال میں شروع ہونے والا شدید سمندری طوفان "مونتھا" آندھرا پردیش کے کاکیناڈا اور مچلی پٹنم کے درمیان ساحل سے ٹکرایا ہے، جس سے ساحلی علاقوں میں سینکڑوں مکانات اور درختوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ ہوائی اور ریل خدمات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ دریں اثنا، طوفان اب مسلسل شمال اور شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آندھرا پردیش، تمل ناڈو، اڈیشہ اور مغربی بنگال کے کئی اضلاع میں شدید بارش اور تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ آندھرا پردیش طوفان کی زد میں ہے۔ طوفان کے لینڈ فال کے وقت اس کی ہوا کی رفتار 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی، اس لیے رہائشیوں کو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومتیں چوکس ہیں۔
 
آندھراپردیش کے بعد طوفان منتھا دیگر ریاستوں میں بھی اپنا اثر دکھارہا ہے۔ طوفان منتھا کے اثر کی وجہ سے اوڈیشہ کے مشرقی ساحلی علاقوں میں بارش ہورہی ہے جبکہ گوپال پور بیچ میں تیز ہواوں کے ساتھ اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ یہاں آج شام تک شدید بارش ریکارڈ ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے خاص طورپر مچھیروں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ اطلاع تک سمندر میں نہ جائیں۔
 
ادھر دوسری جانب بھونیشور میں طوفان مونتھا کے متاثرین میں ریڈ کراس سوسائٹی کی جانب سے امدادی سامان تقسیم کیاجارہاہے۔ اس امدادی سامان میں روزمرہ کی اشیا کے علاوہ دیگر چیزیں شامل ہیں۔ ریڈ کراس سوسائٹی کے سکریٹری گنیش چندرپاترا نے کہاکہ طوفان منتھا سے بہت سے لوگ بے گھر ہوگئے ہیں جو کھانے پینے کی اشیا سے بھی محروم ہیں۔ ہم نے ایسے لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے یہ امدادی سرگرمیاں شروع کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم متاثرین کیلئے خشک خوراک کے پیکٹ تیار کررہے ہیں۔ ان پیکٹوں  چاول۔ چینی۔ بسکٹ۔ موم بتیاں۔ ماچس اور او آر ایس کے پاکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ تمام چیزیں خاص طورپر بچوں اور خواتین کیلئے فائدہ مند ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ آج تین ہزار تین سو پیکٹ مکمل کئے جائیں  گے جبکہ کل تک مزید دو ہزار پیکٹس مکمل کئے جائیں گے۔