• News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • مسافروں کو ملے گی سہولت : ڈی ٹی سی الیکٹرک بسیں جیور ہوائی اڈے تک چلانے کا دہلی حکومت کا منصوبہ

مسافروں کو ملے گی سہولت : ڈی ٹی سی الیکٹرک بسیں جیور ہوائی اڈے تک چلانے کا دہلی حکومت کا منصوبہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Mar 19, 2025 IST     

image
دہلی کی حکومت نے مسافروں کو سستا اور آسان سفر فراہم کرنے کے لیے جیور ہوائی اڈے تک ڈی ٹی سی بسیں چلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ نئی پہل دہلی اور اتر پردیش کے جیور ہوائی اڈے کے درمیان ٹرانسپورٹ کی سہولت کو فروغ دینے کے مقصد سے شروع کی جا رہی ہے۔دہلی حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ پنکج سنگھ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ سروس فی الحال ایک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ٹی سی اور جیور ہوائی اڈے کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے ہیں، جس سے دونوں جماعتوں کے درمیان تعاون کی حیثیت واضح ہو گئی ہے۔
 
نئی اسکیم کے تحت الیکٹرک ڈی ٹی سی بسیں دہلی کے تین بڑے بس اسٹیشنوں آنند وہار، سرائے روہیلا اور کملا مارکیٹ سے چلائی جائیں گی۔ ان بسوں کا مقصد مسافروں کو دہلی سے جیور ہوائی اڈے تک پہنچنے میں مدد کرنا ہے۔ جو ہوائی اڈے تک پہنچنے کے لیے ایک اور سستی اور بہتر آپشن فراہم کرے گا۔ خاص بات یہ ہے کہ خواتین کو اس روٹ پر سفر کرنے کے لیے بالکل مفت سروس ملے گی، جس طرح دہلی میں دیگر ڈی ٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت دی جاتی ہے۔
 
ساتھ ہی بتا تے چلیں کہ جیور ہوائی اڈے کو دہلی این سی آر میں ایک بڑے ہوائی اڈے کے طور پر بنایا جا رہا ہے، یہ ہوائی اڈہ ڈی ٹی سی بسوں کے آپریشن کے ساتھ براہ راست دہلی سے بھی منسلک ہوگا۔پنکج سنگھ نے کہا کہ اس اسکیم کا مقصد مسافروں کو جیور ہوائی اڈے تک آسان رسائی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے سفر کے تجربے کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابتدائی طور پر اس روٹ پر بسوں کی تعداد محدود ہوگی اور ضرورت کے مطابق اس میں اضافہ کیا جائے گا۔ اگرچہ اس روٹ پر کرایہ کی رقم ابھی طے نہیں ہوئی ہے لیکن اس پر کام جاری ہے۔ اسے جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
 
اس نئی پہل سے مسافر دہلی سے جیور ہوائی اڈے تک سستا اور آسان سفر حاصل کر سکیں گے۔ دہلی میں پہلے سے ہی ہوائی اڈے تک میٹرو اور پرائیویٹ گاڑیوں کی سہولت موجود ہے، لیکن اس نئی اسکیم سے لوگوں کے پاس ڈی ٹی سی بسوں کا آپشن ہوگا، جس سے لوگوں کو بہتر اور کفایتی سفر کا موقع ملے گا۔ اس کے ساتھ الیکٹرک بسوں کے استعمال سے ماحولیات کو بھی فائدہ پہنچے گا، کیونکہ اس سے آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔