دارالحکومت دہلی اور این سی آر میں دیوالی سے پہلے آلودگی کا سطح مسلسل بڑھتا جا رہا ہے۔ دہلی-این سی آر کی ہوا میں دھواں نظر آنے لگا ہے۔ آلودگی بڑھنے کی وجہ سے لوگوں کو آنکھوں میں جلن کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ دہلی کے کئی علاقوں میں مرئیت (Visibility) کافی کم ہو گئی ہے۔ دارالحکومت دہلی میں مسلسل چار دن سے ایئر کوالٹی گر رہی ہے۔ صرف دہلی ہی نہیں بلکہ اس کا اثر گروگرام، نوئیڈا، فرید آباد اور غازی آباد میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق، آج کئی علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 'خراب' اور 'سنگین' زمرے میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آنند وہار میں AQI، 430 تک پہنچ گیا ہے، جو 'سنگین' زمرے میں آتا ہے۔ وہیں، اکشر دھام علاقے میں AQI، 426 ریکارڈ کیا گیا۔ ان علاقوں میں کھلی ہواؤں میں سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔
آلودگی روکنے کے لیے حکومتی اقدامات:
آلودگی کے بڑھتے ہوئے سطح کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے کئی علاقوں میں پانی کے چھڑکاؤ کے آلات نصب کیے ہیں۔ پٹاخوں کی فروخت پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انڈیا گیٹ کے آس پاس بھی مسٹ سپرنکلر نصب کیے گئے ہیں۔تاہم یہاں AQI، 269ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 'خراب' زمرے میں آتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 19.6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
کہاں کتنا AQI ریکارڈ کیا گیا؟
CPCB کے مطابق، آج صبح اشوک وہار میں AQI 306، باوانہ میں 309، جہانگیرپوری میں 318، دوارکا سیکٹر 8 میں 341، چاندنی چوک میں 291، آئی جی آئی ایئرپورٹ پر 288، اور آئی ٹی او پر 284 ریکارڈ کیا گیا، جو 'خراب' زمرے میں آتا ہے۔ گوتم بدھ نگر میں AQI 'سنگین' زمرے میں پہنچ گیا ہے۔
خیال رہے کہ دیوالی سے ایک دن پہلے دہلی میں ہوا کی آلودگی کا سطح بڑھ گیا ہے۔ دہلی-این سی آر میں ہوا کی آلودگی بڑھنے کی وجہ سے AQI مسلسل چوتھے دن بدترین زمرے میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق، آج صبح دہلی میں بارہ پولہ کے آس پاس ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 290 ریکارڈ کیا گیا، جو 'خراب' زمرے میں ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان حالات سے نپٹنے کے لیے حکومت کیا اقدامات اٹھاتی ہے۔