جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدراور ممتاز عالمِ دین، ملی و سماجی خدمات کے لیے معروف شخصیت،حافظ پیر شبیر احمد کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ ایک ممتاز عالمِ دین، دینی و ملی خدمات کے لیے کوشاں اور ریاست میں جمعیۃ کے سرگرم قائد کے طور پر جانے جاتے رہے ہیں۔انکی موت مسلم برادری اور سماج کے ہر طبقہ کے لیے ایک عظیم خسارہ ہے۔ حافظ پیر شبیر احمد متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی قانون ساز کونسل کے رکن بھی رہ چکے ہیں،اسکے علاوہ آندھراپردیش حج کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔
انہوں نے مسلمانوں کے تعلیمی و سماجی مسائل کے حل کے لیے مؤثر آواز اٹھائی۔ان کے انتقال کی خبر سے دینی، سماجی اور سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔وہ ہمیشہ مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے سرگرم رہے۔
مختلف مذہبی و سیاسی قایدین نے حافظ پیر شبیر احمد کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی علمی و ملی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ان کے دوسرے فرزندارشاد احمد ناصر یوتھ کانگریس کے سینر قائد ہیں اور وہ کل ہند کانگریس کے ایس سی۔ ایس ٹی۔ بی سی اور اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے قومی کنونیر بھی ہیں،جبکہ ایک اور فرزند پیر منیر جابر کا شمار بھی حیدرآباد یوتھ کانگریس کے اہم قایدین میں ہوتا ہے۔ تاہم آج ہی حافظ پیر شبیر احمد کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ ان کے فرزند حافظ پیر خلیق احمد صابر جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے مطابق نماز جنازہ آج بعد نماز عصر جامع مسجد کنز العلوم ( مرکز شاہین نگر ) میں ادا کی جائے گی۔