• News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • اگست سے ہندوستان بھرکے پوسٹ آفس میں ڈیجیٹل ادائیگیاں ہوں گیں قبول

اگست سے ہندوستان بھرکے پوسٹ آفس میں ڈیجیٹل ادائیگیاں ہوں گیں قبول

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 30, 2025 IST     

image
ہندوستان میں پوسٹل سروسز کا نظام بھی اب ڈیجیٹل دور میں قدم رکھنے جا رہا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، ملک بھر کے تمام پوسٹ آفس اگست 2025 سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنا شروع کر دیں گے۔ اس کے لیے محکمہ ڈاک نے اپنے آئی ٹی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے، جس میں نئی ایپلی کیشنز کے ذریعے صارفین ڈائنامک کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیاں کر سکیں گے۔فی الحال پوسٹ آفس ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک نہیں ہیں کیونکہ ان کے اکاؤنٹس UPI سسٹم سے ہم آہنگ نہیں تھے۔ تاہم، نئی ایپلی کیشن کی بدولت یہ کمی بھی جلد پوری ہو جائے گی۔
 
سرکاری ذرائع کے مطابق، "محکمہ ڈاک اگست 2025 تک ملک کے تمام پوسٹ آفسز میں نئی ایپلی کیشن کا رول آؤٹ مکمل کرے گا، جس کے بعد پوسٹ آفس کاؤنٹرز پر ڈائنامک کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کی جا سکے گی۔"بتایا گیا ہے کہ کرناٹک زون میں IT 2.0 کے تحت اس نئے نظام کا پائلٹ رول آؤٹ کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ میسور ہیڈ آفس، باگلکوٹ ہیڈ آفس اور اس کے تحت آنے والے دفاتر میں میل پروڈکٹس کی QR پر مبنی بکنگ کامیاب رہی۔
 
قابل ذکر بات یہ ہے کہ محکمہ ڈاک نے اس سے قبل پوسٹ آفس کے کاؤنٹرز پر جامد QR کوڈ متعارف کرایا تھا، مگر تکنیکی دشواریوں اور صارفین کی شکایات کے باعث یہ طریقہ کار جاری نہ رہ سکا۔اب نئے اور بہتر سسٹم کے تحت صارفین پوسٹ آفس میں ڈائنامک کیو آر کوڈ کے ذریعے نہ صرف ڈاک خدمات بلکہ دیگر مالیاتی سہولیات کی ادائیگی بھی آسانی سے کر سکیں گے۔ اس اقدام سے ملک بھر میں ڈیجیٹل لین دین کے فروغ اور صارفین کی سہولت میں اضافہ متوقع ہے۔