ایجبسٹن میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔ میچ کے چوتھے دن، ٹیم انڈیا نے اپنی دوسری اننگز 427 رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کر کے میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 608 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا۔
اس میچ میں کپتان شبمن گل ایک بار پھر شاندار بلے بازی کے ساتھ چھائے رہے۔ پہلی اننگز میں ڈبل سنچری جڑنے کے بعد، انہوں نے دوسری اننگز میں بھی جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 162 گیندوں پر 13 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 161 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے گیند باز ان کے سامنے مکمل طور پر بے بس دکھائی دیے۔
گل کے ساتھ وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت نے بھی اپنا مخصوص انداز اپناتے ہوئے 58 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 65 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ کے ایل راہول نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 55 رنز کی نصف سنچری مکمل کی، جب کہ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کا اسکور 600 رنز کی برتری سے آگے لے جانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے قبل، پہلی اننگز میں بھارت نے 587 رنز کا بڑا مجموعہ کھڑا کیا تھا، جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 407 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ یوں ٹیم انڈیا کو 180 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ دوسری اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم دو وکٹ کے نقصان پر 43 رنز بنائے ہیں۔
اب میچ کے پانچ سیشن باقی ہیں اور کرکٹ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر بھارتی گیند باز اپنی فارم برقرار رکھتے ہیں تو اس میچ میں بھارت کی جیت صرف ایک رسمی کارروائی بن جائے گی۔ انگلینڈ کو اس بڑے ہدف تک پہنچنے کے لیے کسی معجزے کی ضرورت ہے۔