Saturday, January 31, 2026 | 12, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14سال بعد دوبارہ براہ راست فضائی سروس شروع

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14سال بعد دوبارہ براہ راست فضائی سروس شروع

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 30, 2026 IST

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان  14سال  بعد دوبارہ براہ راست فضائی سروس شروع
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تقریباً 14 سال کے وقفے کے بعد دوبارہ براہِ راست فضائی رابطے بحال ہو  گئے ہیں۔ 29 جنوری کو بنگلہ دیش کی دارالحکومت ڈھاکہ سے اڑان بھرنے والی بِیمان بنگلہ دیش ایئر لائنز کی پرواز BG-341 پاکستان کے کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔جہاں اس کا روایتی آبی سلامی کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ ڈھاکہ کراچی روٹ پر 2012 کے بعد یہ پہلی براہ راست پرواز ہے۔
 
 خیال رہے کہ یہ 14 سال میں پہلی براہ راست مسافر پرواز تھی، جو دونوں ممالک کے درمیان ہوائی رابطے کے لیے ایک نئی شروعات ہے۔ڈھاکہ میں افتتاحی تقریب میں بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر اور کئی اعلیٰ حکام موجود تھے۔ اس تاریخی موقع پر کراچی ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ 
 
ذرائع کے مطابق بیمان بنگلہ دیش ایئرلائن کو 30 مارچ تک اس روٹ پر پروازیں چلانے کا لائسنس دیا گیا ہے، اس دوران صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد طویل مدتی اجازت نامے پر فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں ایئر لائن ڈھاکہ کراچی روٹ پر ہفتے میں دو بار جمعرات اور ہفتہ کو پروازیں چلائے گی۔ ایئرلائن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پرواز ڈھاکہ سے رات 8 بجے روانہ ہوگی اور رات 11 بجے کراچی پہنچے گی۔ واپسی کی پرواز کراچی سے 12:00 بجے روانہ ہوگی اور 4:20 بجے ڈھاکہ پہنچے گی۔
 
اس سے پہلے، دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو دبئی یا دوحہ جیسے بین الاقوامی مرکزوں کے ذریعے کنیکٹنگ پروازیں حاصل کرنی پڑتی تھی۔ براہ راست پروازوں کے دوبارہ شروع ہونے سے نہ صرف سفر کے وقت میں کمی آئے گی بلکہ تجارت، سیاحت اور عوام کے درمیان رابطے کو بھی فروغ ملے گا۔