حیدرآباد کے انتہائی مصروف اور حساس علاقوں میں سے ایک کوٹھی میں آج صبح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ۔یہاں اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے ہیڈ آفس کے باہر نامعلوم حملہ آوروں نےاس وقت کھلےعام فائرنگ کردی جب رشید نامی ایک شخص ایس بی آئی بینک کے اے ٹی ایم میں رقم جمع کرنے گیا ہوا تھا۔ اس دوران نامعلوم افراد بھی وہاں پہنچ گئے اور رشید پر فائرنگ کر 6 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اس حملہ میں رشید شدید زخمی ہوگیا ہے ۔ جسے علاج کیلئے ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ یہ پورا واقعہ وہاں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج میں قید ہو گیا ہے۔
گولی کی آواز سے علاقے میں افراتفری:
بتایا جا رہا ہے کہ حملہ آور پہلے سے ہی اس کی نگرانی کر رہے تھے اور انہوں نے بہت چالاکی سے یہ واردات انجام دی۔ گولی کی آواز سن کر علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم، حملہ آور بھیڑ کا فائدہ اٹھا کر آرام سے موقع سے فرار ہو گئے۔ یہ واقعہ پولیس اور انتظامیہ کے لیے بڑا چیلنج ہے کیونکہ واردات کی جگہ کوٹھی ہے، جو کافی مصروف علاقہ ہے اور پولیس اسٹیشن سے کچھ فاصلے پر واقع ہے۔
اس 'ہائی سیکیورٹی زون' میں اس طرح کی بے خوف واردات سے سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیا عام شہری محفوظ ہیں؟ سلطان بازار پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس آس پاس کی دکانوں اور عمارتوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ پڑتال کر رہی ہے تاکہ حملہ آوروں کی شناخت کی جا سکے۔
پولیس تفتیش میں مصروف:
فی الحال سلطان بازار پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور آس پاس کے علاقوں میں ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ اس لوٹ مار کی واردات نے ایک بار پھر شہر میں کیش مینجمنٹ اسٹاف کی سیکیورٹی کے بارے میں بڑے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔