دبئی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایئر شو کے دوران تیجس لڑاکا طیارہ حادثے میں پائلٹ کی موت ہو گئی ہے۔ہندوستانی فضائیہ نے اس کی تصدیق کی ہے۔ آئی اے ایف نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا، "ہندوستانی فضائیہ اس المناک واقعے سے بہت غمزدہ ہے اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔خیال رہے کہ دبئی میں جاری ایئر شو کے دوران اچانک تیجس جیٹ آسمان میں ایروبیٹکس کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمین سے ٹکرا گیا، جسکے بعد ایک زبردست دھماکہ ہوا، اور طیارہ شعلے میں تبدیل ہو گیا۔حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دے دی گئی ہے۔
تیجس کے ساتھ رواں سال دوسرا حادثہ:
تیجس لڑاکا طیارے کے ساتھ یہ رواں سال کا دوسرا حادثہ ہے۔ گزشتہ سال مارچ میں راجستھان کے جیسلمیر کے قریب بھی ایک تیجس گر کر تباہ ہوا تھا، البتہ اس میں پائلٹ بحفاظت بچ نکلا تھا۔بتایا جا رہا ہے کہ دبئی اس وقت اپنا دو سالہ ایئر شو منعقد کر رہا تھا۔ اس ایونٹ میں امسال امارات ایئرلائن اور اس کی کم لاگت والی معاون کمپنی فلائی دبئی کو بڑے طیاروں کے آرڈرز ملنے کی وجہ سے خاص توجہ دی جا رہی تھی۔
یہ واقعہ دوپہر 2:10 بجے پیش آیا۔ مقامی وقت کے مطابق، جب ہزاروں افراد طیارے کی ایروبیٹکس دیکھ رہے تھے۔ اسی دوران فضاء میں مشق کرتے ہوئے، پائلٹ نے اچانک تیجس لڑاکا جیٹ کا کنٹرول کھو دیا، اور طیارہ تیزی سے زمین سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے بعد دبئی ایئر شو کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
بھارت کا پہلا سویدیشی طیارہ ہے تیجس:
تیجس ایک 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جسے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) نے فضائی دفاعی مشن، جارحانہ فضائی مدد، اور جنگی کاروائیوں کے لیے ڈیزائن کیا ہے۔ اسے اپنی کلاس کے سب سے ہلکے اور چھوٹے لڑاکا طیاروں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اسے زمینی اور سمندری آپریشنز کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تیجس کا AESA ریڈار ایک ساتھ کئی اہداف کو ٹریک کر کے درست حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔