دہلی میں شدید زلزلے کے چند گھنٹے بعد بہار کے سیوان اور اڈیشہ کے پوری میں بھی لوگ شدید زلزلے سے لرز اٹھے۔نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق بہار میں زلزلے کا مرکز سیوان بتایا جاتا ہے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 4.0 ناپی گئی۔اڈیشہ میں زلزلے کا مرکز پوری تھا جہاں 4.7 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس کے علاوہ سکم میں بھی 2.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے عوام میں خوف پھیل گیا اور لوگ پریشانی کے عالم میں گھروں سے باہر نکل پڑے۔ تاہم اچھی بات یہ رہی کہ یہاں بھی کو جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس دوران حکام نے عوام کو مشورہ دیاکہ وہ احتیاط سے کام لیں اور کسی بھی صورتحال سے ہمیں آگاہ کرتے رہیں۔ اس دوران ماہرین نے عوام کو مشورہ دیاہے کہ جیسے ہی آپ زلزلے کے جھٹکے محسوس کریں بغیر کسی تاخیر کے فوراً گھر یا دفتر سے نکلیں اور کسی کھلی جگہ پر چلے جائیں۔اس کے علاوہ بڑی عمارتوں۔ درختوں اور بجلی کے کھمبوں وغیرہ سے بھی دور رہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ باہر جانے کیلئے کبھی لفٹ کا استعمال نہ کریں اور صرف سیڑھیوں کے ذریعے نیچے پہنچنے کی کوشش کریں۔
اور کہاں آیا زلزلہ؟
نیشنل سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق پیر کو سب سے پہلے انڈونیشیا میں زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جو صبح 2:30 بجے آیا۔ اس کی شدت 4.2 تھی۔اس کے بعد صبح 5:36 بجے دہلی-این سی آر میں ایک زوردار زلزلہ آیا جس کی شدت 4.0 ناپی گئی۔ اس کے بعد 8 بج کر 2 منٹ پر سیوان میں 4.0 شدت کا زلزلہ آیا۔اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش میں بھی 8 بجکر 56 منٹ پر 3.5 شدت کا زلزلہ آیا جو 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔