Thursday, November 06, 2025 | 15, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • سری نگر میں"ایک بھارت، شریشٹھ بھارت" پروگرام:ممتاز شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا

سری نگر میں"ایک بھارت، شریشٹھ بھارت" پروگرام:ممتاز شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Nov 06, 2025 IST

سری نگر میں"ایک بھارت، شریشٹھ بھارت" پروگرام:ممتاز شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا
جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں شیرِکشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (SKUAST-K) کے شالیمار کنونشن سینٹر سری نگر میں ایک شاندار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں جموں و کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مہمانِ خصوصی کے طور پرشرکت کی۔
 
یہ پروگرام “ایک بھارت، شریشٹھ بھارت” کے عنوان سے منعقدہوا، جسکا مقصد بھارت رتن، لوہ پُرُش سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں جینتی کے موقع پر انکی قومی یکجہتی، خدمتِ خلق اور اتحادکے پیغام کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
 
تقریب کا اہتمام مرکزی وزارت و ثقافت (حکومت ہند) اوربھارت بھارتی کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ اس موقع پر مختلف ممتاز شخصیات، افسران، ماہرینِ تعلیم، طلبہ، سول سوسائٹی کے نمائندے اور ثقافتی اداروں کے ارکان نے شرکت کی۔ پروگرام کا مرکزی موضوع “یونٹی اِن ڈائیورسٹی _کلچرز کا جشن، دلوں کا اتصال” تھا، جس نے بھارت کے مختلف صوبوں کی ثقافتوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا۔
 
اس موقع پر متعدد ممتاز شخصیات کو قومی و سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ نمایاں ایوارڈ یافتگان میں شمالی کشمیر کے کنزر ویٹرآف فاریسٹ اور انڈین فاریسٹ سروس (IFS) کے افسر عرفان علی شاہ شامل تھے، جنہیں ماحولیاتی تحفظ، شجرکاری اور عوامی خدمت میں نمایاں کارکردگی پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاجی کی جانب سے تعریفی سند پیش کی گئی۔ اسکے علاوہ سنتور کے معروف فنکار ابھے سوپوری، ایڈووکیٹ تبسم رحیم سبغت، ڈاکٹر ستندرسنگھ کالا (ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل، جموں و کشمیر ہائی کورٹ)، معروف معالج ڈاکٹر لطیف خان، ایڈووکیٹ عمر راشد، اجے گپتا اور سینئر صحافی منظور انجم کو بھی سماجی و ثقافتی خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔
 
 اپنے کلیدی خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کا خواب ایک متحد، مضبوط اور ترقی یافتہ ہندوستان کا تھا، لہذا آج انکے نظریات ہمیں قومی یکجہتی، ایمانداری اور خدمتِ خلق کا درس دیتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت بھارتی نے ہمیشہ ملک کے مختلف خطوں میں ثقافتی ہم آہنگی اور قومی انضمام کے فروغ کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ ایل جی سنہا نے تمام ایوارڈ یافتگان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی خدمات سردار پٹیل کے وژن کی حقیقی تعبیر ہیں۔
 
 پروگرام کی خاص بات ملک کے 22 صوبوں سے آئے طلبہ کی ثقافتی پیشکشیں رہیں۔ انہوں نے اپنے اپنے ریاستی رقص، نغمے اور فنونِ لطیفہ کے ذریعے"ایک بھارت، شریشٹھ بھارت" کے تصور کو عملی شکل دی۔ پوری تقریب وطن دوستی، اتحاد اورثقافتی تنوع کے رنگوں سے سجی رہی۔تقریب میں بھارت بھارتی کے قومی تنظیمی سیکریٹری شری جگن ناتھ کنج بہاری سوائن، عرفان علی شاہ(IFS)، ایڈوکیٹ تبسم رحیم سبغت، سینٹرل وقف کونسل اور آل انڈیا حج کمیٹی کے سابق ممبر, شمالی ہند بھارت بھارتی کے انچارج الحاج محمد عرفان احمد، کل بھوشن ملہوترہ، رومیش خجوریہ، ڈاکٹر فیاض بھٹ سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
 
 اسکے علاوہ ڈاکٹر نذیر احمد گنائی (وائس چانسلر SKUAST-K)، ڈاکٹر سجاد احمد گنگو (ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر)، یونیورسٹی کے اساتذہ، ماہرین تعلیم، سرکاری افسران، وکلا، ڈاکٹرز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔رحیم فاؤنڈیشن (سوپور)، گوہر فاؤنڈیشن، پیس فاؤنڈیشن اور بھارت بھارتی آر ایس ایس کے نمائندگان نے بھی شرکت کرکے اتحاد کا پیغام دیا۔ تقریب کا اختتام قومی ترانوں، حب الوطنی کے نعروں اور سردارپٹیل کے وژن کو سلام کے ساتھ ہوا۔ الحاج عرفان احمد نے پروگرام کی ستائش کی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی طرح وہ بھی قوم کی یکجہتی، خدمتِ خلق اور ثقافتی ہم آہنگی کے جذبے کو آگے بڑھائیں گے۔ الحاج عرفان نے مزید اپنے خصوصی خطاب میں ولبھ بھائی کی بھرپور طرح سے خدمات کا احاطہ کیا۔