منصف ٹی وی کے خصوصی صحت پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج Nutrition and Immunity Strengthening for Children During Monsoon کے موضوع پر خصوصی گفتگو پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر ادو کرن مائی (Dr. Addu Kiraannmayye)، سینئر کلینیکل نیوٹریشنسٹ اور لائف اسٹائل کنسلٹنٹ، رینبو چلڈرنز ہاسپٹل، ہمایوں نگر، حیدرآباد نے مانسون کے موسم میں بچوں کی مناسب غذائیت، قوتِ مدافعت میں اضافہ اور موسمی بیماریوں سے تحفظ کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔
وائرل بیماریوں کےامکانات کب بڑھ جاتےہیں
ڈاکٹر ادو کرن مائی نے بتایا کہ برسات کے موسم میں بچوں میں نزلہ، زکام، بخار، گیسٹرو انفیکشن، ڈائریا اور وائرل بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ ایسے میں والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کی روزمرہ غذا پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ان کا مدافعتی نظام مضبوط رہے۔
بچوں کی خوراک کیسی ہو
انہوں نے کہا کہ بچوں کی خوراک میں تازہ موسمی پھل، سبز پتوں والی سبزیاں، دالیں، دودھ، دہی، انڈے، مچھلی، خشک میوہ جات اور مکمل اناج شامل کیے جائیں۔ وٹامن سی، وٹامن اے، وٹامن ڈی، زنک اور آئرن سے بھرپور غذائیں جسم کو انفیکشن سے لڑنے میں مدد دیتی ہیں اور قوتِ مدافعت کو بہتر بناتی ہیں۔
والدین کو مشورہ
انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کو جنک فوڈ، زیادہ چکنائی والی اشیاء، کولڈ ڈرنکس اور ضرورت سے زیادہ میٹھی چیزوں سے حتی الامکان دور رکھیں، کیونکہ ایسی غذائیں نہ صرف غذائی توازن کو متاثر کرتی ہیں بلکہ مدافعتی نظام کو بھی کمزور کر سکتی ہیں۔
برسات میں کن چیزوں کو خیال رکھنا چاہئے
ڈاکٹر ادو کرن مائی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مون سون کے دوران پانی کی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ بچوں کو ہمیشہ صاف، ابلا ہوا یا فلٹر شدہ پانی پلایا جائے، جبکہ باہر کٹی ہوئی اشیائے خورونوش اور غیر معیاری اسٹریٹ فوڈ سے گریز کیا جائے تاکہ معدے کے انفیکشن سے بچا جا سکے۔
نیند، جسمانی سرگرمی، صفائی پر توجہ
انہوں نے کہا کہ متوازن غذا کے ساتھ مناسب نیند، روزانہ جسمانی سرگرمی، ہاتھ دھونے کی عادت اور ذاتی صفائی بھی بچوں کی صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر بچے کو مسلسل بخار، قے، اسہال یا سانس لینے میں دشواری ہو تو فوری طور پر مستند ماہرِ اطفال سے رجوع کرنا چاہیے۔
درست غذائی عادات کیوں ضروری ہیں
پروگرام کے دوران انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ والدین ازخود سپلیمنٹس یا اینٹی بایوٹکس استعمال کرانے کے بجائے ڈاکٹر کے مشورے پر ہی ادویات دیں۔ ان کے مطابق درست غذائی عادات بچپن ہی سے اپنائی جائیں تو نہ صرف موسمی بیماریوں کا خطرہ کم ہوتا ہے بلکہ بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما بھی بہتر ہوتی ہے۔
منصف ٹی وی ہیلتھ کے پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں ماہرین کی جانب سے دی جانے والی یہ مفید معلومات والدین کے لیے رہنمائی کا اہم ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں۔ قارئین آپ منصف ٹی وی ہیلتھ پر ڈاکٹر ادو کرن مائی کی مکمل گفتگو یہاں دیکھ سکتےہیں ۔اور ساتھ ہی دیگر ماہر ڈاکٹرز کی بات چیت بھی دیکھ سکتےہیں۔