Saturday, December 27, 2025 | 07, 1447 رجب
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بہار الیکشن میں ہار کے بعد پہلی کانگریس ورکنگ کمیٹی؛ کیا ہے ایکشن پلان؟

بہار الیکشن میں ہار کے بعد پہلی کانگریس ورکنگ کمیٹی؛ کیا ہے ایکشن پلان؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Dec 27, 2025 IST

بہار الیکشن میں ہار کے بعد پہلی کانگریس ورکنگ کمیٹی؛ کیا ہے ایکشن پلان؟
دہلی میں آج  کانگریس ورکنگ کمیٹی (CWC) کی میٹنگ ہے۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئر پرسن سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور ایم پی راہل گاندھی کی قیادت میں اس میٹنگ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
 
کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کرنے کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ پہنچ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ CWC کی میٹنگ میں شامل ہونے ہماچل پردیش کے چیف منسٹر سکھوندر سنگھ سکھو بھی پہنچے ہیں۔ کانگریس کی سب سے بڑی پالیسی ساز میٹنگ میں ملک کی تازہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ مرکز کی مودی حکومت کی طرف سے منریگا کا نام تبدیل کرنے کے معاملے پر بھی بحث کی جائے گی۔ ملک کے باقی تمام مسائل پر گہرے غور و فکر کیا جائے گا۔
 
میٹنگ میں شامل ہونے والے کون کون پہنچے:
 
CWC کی اس میٹنگ میں چھتیس گڑھ کے انچارج جنرل سیکرٹری سچن پائلٹ کے علاوہ کرناٹک کے چیف منسٹر سدھارمیا بھی شامل ہونے پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ اس میٹنگ میں اتر پردیش کے انچارج جنرل سیکرٹری اوناش پانڈے، تلنگانہ کی انچارج میناکشی نٹراجن، راجستھان کے انچارج سکھ جندر سنگھ رندھاوا، کانگریس کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جنرل سیکرٹری جے رام رمیش اور ہریانہ کے انچارج بی کے ہری پرساد بھی شامل ہونے دہلی پہنچے ہیں۔
 
بہار الیکشن میں ہار کے بعد پہلی میٹنگ:
 
اس کے علاوہ صوبائی کانگریس کمیٹیوں (PCC) کے صدور بھی اس میٹنگ میں شامل ہونے پہنچے ہیں۔ دراصل یہ میٹنگ اس لیے بھی خاص مانی جا رہی ہے کیونکہ بہار الیکشن میں ہار کے بعد یہ CWC کی پہلی میٹنگ ہے۔ بتاتے چلیں کہ 2026 میں آسام، کیرالہ، مغربی بنگال، تمل ناڈو اور پڈوچیری میں ہونے والے اسمبلی الیکشن سے پہلے پارٹی کی حکمت عملی پر بھی بحث ہونے کی امید ہے۔
 
کانگریس کا ایکشن پلان:
 
کانگریس ورکنگ کمیٹی کی اس اہم میٹنگ میں حکومت کے خلاف کانگریس کے ایکشن پلان پر بحث ہوگی۔ اس کے علاوہ منریگا کی جگہ لائے گئے نئے قانون وکست بھارت-گارنٹی فار روزگار اینڈ اجیویکا مشن (گرامین) یعنی VB-G RAM G ایکٹ کے خلاف بھی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کانگریس لیڈروں کی طرف سے اس مسئلے پر ملک گیر تحریک کی روپ ریکھا تیار کی جائے گی۔
 
تازہ ترین اپ ڈیٹس سے پتہ چلتا ہے کہ میٹنگ جاری ہے اور اہم موضوعات میں VB-G RAM G قانون کے خلاف ملک گیر احتجاج اور تحریک کا منصوبہ، بہار الیکشن کی ہار کا جائزہ، اور آنے والے الیکشنوں کی حکمت عملی شامل ہیں۔ کانگریس اس نئے قانون کو منریگا کی بنیادی ساخت تبدیل کرنے کا الزام لگا رہی ہے اور اس کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج کی تیاری کر رہی ہے۔ میٹنگ میں سینئر لیڈرز جیسے سونیا گاندھی، راہل گاندھی، اور کھڑگے شرکت کر رہے ہیں، اور پارٹی کی مستقبل کی سمت پر توجہ مرکوز ہے۔