Saturday, December 27, 2025 | 07, 1447 رجب
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • دل دہلا دینے والا واقعہ: دم گھٹنے سے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت

دل دہلا دینے والا واقعہ: دم گھٹنے سے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Dec 27, 2025 IST

دل دہلا دینے والا  واقعہ: دم گھٹنے سے 3 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی موت
بہار کے چھپرا میں جمعہ کی دیر رات ایک ہی خاندان کے تین معصوم بچے اور ایک بزرگ خاتون کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی، جبکہ تین افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ یہ دل دہلا دینے والا حادثہ چھپرا شہر کے بھگوان بازار تھانہ علاقے کی امبیکا کالونی میں پیش آیا۔ خاندان کے لوگ شدید ٹھنڈ سے بچنے کے لیے کمرے میں الاؤ (کوئلے کی اَنگیٹھی) جلاکر سو گئے۔ صبح جب دروازہ کھولا گیا تو کمرے میں دھواں بھرا ہوا تھا اور تمام سات افراد بے ہوش پڑے تھے۔ اسپتال لے جانے پر چار کی موت ہو گئی۔
 
تین بچوں کی موت
 
اس حادثے میں 70 سالہ کملاوتی دیوی (نانی)، 3 سالہ تیجنس، 9 ماہ کی گڑیا اور 7 ماہ کی آریا (یا ادھیا) کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ یہ تینوں بچے آپس میں کزن تھے اور سردیوں کی چھٹیوں میں نانی کے گھر آئے ہوئے تھے۔ بزرگ خاتون کملاوتی دیوی حال ہی میں بنارس سے واپس چھپرا آئی تھیں۔
 
دم گھٹنے سے ہوئی موت
 
صبح جب پڑوسیوں اور رشتہ داروں نے دروازہ کھولا تو کمرے میں کاربن مونوآکسائیڈ گیس بھری ہوئی تھی۔ تمام سات افراد بے ہوش تھے۔ فوری طور پر سب کو چھپرا صدر اسپتال لے جایا گیا، لیکن چار کی موت ہو چکی تھی۔ باقی تین – امتشا (ماں)، انجلی (موسی) اور امت کمار (ماما) کی حالت اب بھی سنگین ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق، بند کمرے میں انگوٹھی جلنے سے آکسیجن کی کمی اور زہریلی گیس نے یہ تباہی مچائی۔
 
یہ حادثہ ایک بار پھر یہ یاد دہانی کرواتا ہے کہ شدید ٹھنڈ میں بند کمرے میں انگوٹھی یا الاو جلانا جان لیوا ہو سکتا ہے۔ کاربن مونوآکسائیڈ گیس بے رنگ اور بے بو ہوتی ہے، جو نیند میں ہی دم گھٹنے کا سبب بنتی ہے۔ حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ کمرے میں وینٹیلیشن کا خیال رکھیں اور الاو  کو رات بھر نہ جلنے دیں۔