Saturday, December 27, 2025 | 07, 1447 رجب
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • جاپان: ایکسپریس وے پر ہولناک سڑک حادثہ،50 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، ایک کی موت

جاپان: ایکسپریس وے پر ہولناک سڑک حادثہ،50 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، ایک کی موت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Dec 27, 2025 IST

جاپان: ایکسپریس وے پر ہولناک سڑک حادثہ،50 سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں،  ایک کی موت
جاپان میں سال کے آخری دنوں اور نئے سال کی چھٹیوں کے آغاز کے درمیان ایک ہولناک سڑک حادثے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ جمعہ کی دیر رات برف سے ڈھکے ایکسپریس وے پر گاڑیوں کی لمبی قطار آپس میں ٹکرا گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ حادثہ آگ کی لپٹوں میں تبدیل ہو گیا، جس میں ایک بزرگ خاتون کی موت ہو گئی اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔
 
پولیس کے مطابق یہ حادثہ گنما صوبے کے مناکامی شہر کے قریب کان-ایتسو ایکسپریس وے پر پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ سب سے پہلے دو بھاری ٹرکوں کی آپس میں ٹکر ہوئی۔ اس کی وجہ سے سڑک پر جام لگ گیا اور پیچھے سے آنے والی گاڑیاں برفیلے سطح پر بریک لگانے میں ناکام رہیں۔ پھسلن اتنی زیادہ تھی کہ ایک کے بعد ایک گاڑیاں ٹکراتی چلی گئیں اور چند ہی لمحوں میں یہ حادثہ ایک بڑے چین ری ایکشن حادثے میں تبدیل ہو گیا۔ صوبائی ہائی وے پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس حادثے میں 50 سے زائد گاڑیاں ملوث تھیں۔
 
آگ نے تباہی کو بڑھا دیا، کئی گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں
 
حادثے کے آخری مرحلے میں صورتحال مزید خوفناک ہو گئی جب کئی گاڑیوں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ تیزی سے پھیلتے ہوئے ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی چلی گئی۔ فائر بریگیڈ کے مطابق آگ پر قابو پانے میں تقریباً سات گھنٹے لگے۔ کئی گاڑیاں مکمل طور پر جل کر خاک ہو گئیں، تاہم راحت کی بات یہ رہی کہ آگ کی وجہ سے کسی اور کی جان نہیں گئی۔
 
77 سالہ خاتون کی موت، کئی زخمیوں کی حالت سنگین
 
پولیس نے بتایا کہ اس حادثے میں ٹوکیو کی 77 سالہ خاتون کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ 26 افراد زخمی ہوئے جن میں سے پانچ کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ تمام زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ سنگین زخمیوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
 
ایکسپریس وے دونوں طرف سے بند
 
جاپان کے سرکاری براڈکاسٹر NHK کے مطابق، حادثے کے بعد نیگاتا صوبے کے یوزاوا انٹرچینج اور گنما صوبے کے تسکیونو انٹرچینج کے درمیان ایکسپریس وے کو دونوں سمتوں سے بند کر دیا گیا۔ سڑک پر بکھرے ملبے کو ہٹانے، جلی ہوئی گاڑیوں کو ہٹانے اور تحقیقات مکمل ہونے تک ٹریفک بحال نہیں کیا جا سکا۔ حکام نے اب تک یہ واضح نہیں کیا کہ راستہ دوبارہ کب کھولا جائے گا۔
 
چشم دید ڈرائیور کی آپ بیتی: جان بچانا مشکل ہو گیا تھا
 
حادثے میں پھنسے ایک 60 سالہ ٹرک ڈرائیور نے جاپانی اخبار دی مینیچی کو بتایا کہ اس کے سامنے چلنے والی کار کو بچانے کے لیے اسے اچانک سٹیئرنگ موڑنی پڑی جس سے اس کا ٹرک ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا۔ اس نے بتایا کہ پیچھے سے مسلسل کئی زور دار ٹکراؤ کی آوازیں آ رہی تھیں اور برف کی وجہ سے گاڑی پر کنٹرول تقریباً ختم ہو چکا تھا۔ اس لمحے اسے اپنی جان جانے کا ڈر ستانه لگا۔