Sunday, January 25, 2026 | 06, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی سے بہار تک:سرد لہر آندھی اور بارش کا الرٹ، پہاڑوں پر برف باری

دہلی سے بہار تک:سرد لہر آندھی اور بارش کا الرٹ، پہاڑوں پر برف باری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 25, 2026 IST

دہلی سے بہار تک:سرد لہر آندھی اور بارش کا الرٹ، پہاڑوں پر برف باری
پہاڑی ریاستوں میں ہو رہی شدید برفباری کا اثر میدانی علاقوں  تک پہنچ گیا ہے جس سے شمالی ہندوستان میں ٹھنڈ اچانک بڑھ گئی ہے۔ برف کی موٹی تہہ بچھنے سے ہماچل پردیش میں 2 قومی شاہراہیں سمیت 680 سے زیادہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ اس وجہ سے سینکڑوں سیاح پھنس گئے ہیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات (IMD) نے 5 ریاستوں میں اگلے 48 گھنٹوں میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ساتھ ہی مغربی سائیکلون کے اثر سے پہاڑی ریاستوں میں شدید برفباری کا امکان ہے۔
 
وہیں جموں و کشمیر میں برف باری سے گلمرگ میں درجہ حرارت مائنس 12 اور سری نگر میں مائنس 1.4 ڈگری تک پہنچ گیا، جبکہ برف کی وجہ سے کئی سڑکیں 2 دن سے بند ہیں۔ اس کے علاوہ دفاعی ارضی معلومات سائنس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (DGRE) نے اتراکھنڈ کے 5 اضلاع میں برفانی تودے کا ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔
 
راجدھانی میں AQI کم ہوا:
 
دہلی میں بارش کے بعد سردی کا اثر تیز ہو گیا ہے، لیکن تیز ہواؤں کی وجہ سے لوگوں کو آلودگی سے راحت ملی ہے۔ آج (25 جنوری) صبح 7 بجے راجدھانی کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 151 ریکارڈ کیا گیا، جو ہوا کی درمیانی کیٹیگری میں آتا ہے۔ اگلے 48 گھنٹوں تک بادل اور ہلکی دھند چھائی رہے گی۔ اس کے ساتھ گرج-چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور 30-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
 
ان ریاستوں میں بارش کا زور رہے گا:
 
اتر پردیش کے 10 اضلاع میں ہفتہ کو بارش ہوئی، جبکہ ہاتھ رس اور ایٹاوہ میں اولے گرے۔ اس کے علاوہ بارہ بنکی اور ایٹہ میں بجلی گرنے سے آگ لگ گئی۔ صوبے میں آج 15 ریاستوں میں بارش اور 20 اضلاع میں 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔ اگلے 48 گھنٹوں میں درجہ حرارت 3-6 ڈگری گر سکتا ہے۔ مدھیہ پردیش کے آدھے حصے میں 27-28 جنوری کو بارش کا الرٹ ہے، جبکہ بہار میں شدید سردی اور دھند کا اثر جاری رہے گا۔
 
اتراکھنڈ میں اس سال کی پہلی برف باری :
 
ساتھ ہی بتاتے چلیں کہ اتراکھنڈ میں اس سال کی پہلی برف باری نے سیاحوں اور مقامی کاروباری اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔ریاست کے برف سے ڈھکے اونچائی والے علاقے اب سیاحوں سے بھرے پڑے ہیں  جبکہ ہوٹل بھی کھچا کھچ بھرے ہوئے ہیں اور ٹور آپریٹرز مصروف ہیں۔اس موسم کی وجہ سے سیاح خوش ہیں کیونکہ وہ مسوری اور اتراکھنڈ کے دیگر برف پوش مقامات پر برف سے لطف اندوز ہونے کی امید رکھتے ہیں۔لیکن دہرادون پہنچنے والے کچھ سیاح، مسوری جاتے ہوئے قدرے پریشان ہیں۔ دہرادون کا ہجوم بس اسٹیشن، بس ٹکٹوں کے حصول میں تاخیر اور ٹیکسی کے کرایوں میں اضافہ پریشان کن ہے۔دہرادون کے مقامی ادارے اب ریاستی حکومت سے مسوری کے لیے پبلک بسوں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔