Wednesday, May 20, 2026 | 02 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • پٹرول اور ڈیزل پھر مہنگا، ایک ہفتہ میں دوسری بار قیمتوں میں اضافہ

پٹرول اور ڈیزل پھر مہنگا، ایک ہفتہ میں دوسری بار قیمتوں میں اضافہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: May 19, 2026 IST

پٹرول اور ڈیزل پھر مہنگا، ایک ہفتہ میں دوسری بار قیمتوں میں اضافہ
ملک میں مہنگائی کی مار جھیل رہی عوام کو مرکزی حکومت نے ایک اور بڑا جھٹکا دیا ہے۔ حکومت نے ایک ہفتہ کے اندر دوسری مرتبہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ تازہ اضافے کے تحت پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 90 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد عوامی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
 
واضح رہے کہ اس سے قبل 15 مئی کو بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریباً تین روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اب صرف چند دنوں کے اندر دوسری مرتبہ قیمتوں میں اضافہ ہونے سے عام شہریوں، ٹرانسپورٹ شعبے اور کاروباری حلقوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔
 
سرکاری تیل کمپنیوں نے آج صبح نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوگیا تھا۔ حکومت کے مطابق بین الاقوامی حالات کا براہ راست اثر ملکی ایندھن کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔
 
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بار بار اضافے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھیں گے بلکہ اس کے نتیجے میں اشیائے خوردونوش، سبزیوں، دودھ، تعمیراتی سامان اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ خاص طور پر متوسط اور غریب طبقہ اس مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔
 
مارکیٹ تجزیہ کاروں اور صنعتی ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر جاری سفارتی تنازعات، خام تیل کی سپلائی میں غیر یقینی صورتحال اور جنگی خدشات نے توانائی کے شعبے کو شدید متاثر کیا ہے۔ ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر عالمی حالات میں بہتری نہ آئی تو آنے والے دنوں میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
 
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ مسلسل مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت سے فوری طور پر قیمتوں پر قابو پانے اورعوام کو راحت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔