ایران کے شہید سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کی نماز جنازہ کے انتظامات تقریباً مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کا جسد خاکی تہران کےجنوبی علاقے میں واقع امام خمینی حسینیہ منتقل کردیا گیا ہے۔
4 اور 5 جولائی کو آخری رسومات
آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ 4 جولائی یعنی کل تہران میں ادا کی جائے گی۔ نماز جنازہ کے بعد جسد خاکی تہران سے قم پھرنجف اورکربلا لے جایا جائے گا۔پھر میت واپس ایران لا کر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مشہد میں سپردِ خاک کیا جائے گا ۔ خامنہ ای کی آخری رسومات 4 اور 5 جولائی کو ایران میں ادا کی جائیں گی۔ حکام کو توقع ہے کہ ،جلوس جنازہ میں ایک کروڑ سے زائد افراد شرکت کریں گے۔ ایران نے عالمی لیڈروں کو جلوس جنازے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
مجتبیٰ خامنہ ای جنازے میں کیوں شریک نہیں ہوں گے؟
رہبرِ انقلاب کے موجودہ نمائندے آیت اللہ حکیم الٰہی کے مطابق، مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی خدشات، اسرائیلی دھمکیوں اور نگرانی کے خطرے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے، کیونکہ ان کی موجودگی سے عوامی اجتماع کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
عوامی الوداع تقریب کا شیڈول
ذرائع کے مطابق، 4 جولائی کو صبح 6 بجے ایران کے امام خامنہ ای گراؤنڈ میں عوامی الوداع تقریب شروع ہوگی۔ یہ تقریب رات 8 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ اس سے پہلے عوام کو اس مقام میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
نمازِ جنازہ اور جلوس
5 جولائی کی صبح نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی۔حکام کے مطابق پہلے امام خامنہ ای کے عظیم الشان نماز گاہ میں نمازِ جنازہ ہوگی، جس کے بعد جنازے کا جلوس دوسرے مقام کی طرف روانہ ہوگا۔
جلوس کے لیے خصوصی انتظامات
آئی آر جی سی کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسن زادہ نے بتایا کہ بہت بڑے ہجوم کی آمد کی توقع ہے۔ اس لئے جلوس کے لیے صرف ایک راستہ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ تقریب کے علاقے میں عام گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی تاکہ عوام کی آمد و رفت آسان رہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ خامنہ ای کے جسدِ خاکی رکھنے کی جگہ اور اہلِ خانہ کے بیٹھنے کا انتظام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ اسٹیج کو بلند مقام پر بنایا گیا ہے تاکہ دور سے بھی تقریب واضح طور پر دیکھی جا سکے۔
ایران میں تعطیل اور یوم سوگ
واضح رہے کہ ایرانی حکومت نے امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کے موقع پر 6 جولائی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ایرانی حکومت کے ترجمان کے مطابق 8 جولائی کو ملک بھر میں یومِ سوگ بھی منایا جائے گا۔یاد رہے کہ ایران کے شہید رہنما سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر ابتدائی امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے۔حملے میں آیت اللہ خامنہ ای کی بہو اور موجودہ سپریم لیڈرآیت اللہ سید مجتبی حسینی خامنہ ای کی اہلیہ بھی شہید ہوئی تھیں۔