Monday, October 06, 2025 | 14, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • ملک بھر میں منائی جا رہی ہے گاندھی جینتی ،سیاسی رہنماؤں نے پیش کی خراج عقیدت

ملک بھر میں منائی جا رہی ہے گاندھی جینتی ،سیاسی رہنماؤں نے پیش کی خراج عقیدت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 02, 2025 IST

ملک بھر میں منائی جا رہی ہے گاندھی جینتی ،سیاسی رہنماؤں نے پیش کی خراج عقیدت
ملک بھر میں آج گاندھی جینتی منائی جا رہی ہے۔ 2 اکتوبر ہر ہندوستانی کے لیے بہت خاص دن ہے۔ یہ دن ہندوستانی تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ کے لیے امر ہے۔ یہ وہ دن ہے جب ہندوستان کی آزادی کے خواب کو حقیقت بنانے والے مہاتما گاندھی کی پیدائش ہوئی تھی۔ یہ دن باپو سے اظہار تشکر اور عزت کرنے کا ایک شاندار موقع ہے۔اس دن کو بین الاقوامی یوم عدم تشدد کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ گاندھی، جن کا پورا نام موہن داس کرم چند گاندھی ہے، نے امن کی طاقت کے ذریعے ہندوستان کی آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی امتیازی سلوک کے خاتمے اور ملک کو آزاد کرانے کے لیے وقف کر دی۔ اس سلسلہ میں آج ملک بھر میں گاندھی جی کو بھرپور خراج  عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
 
صدرجمہوریہ ہند نے پیش کی خراج:
 
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے آج صبح راج گھاٹ پہنچ کر مہاتما گاندھی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج  عقیدت پیش  کیا۔  اس موقع پر مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر اور دیگر ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دروپدی مرمو نے اپنے پیام میں کہاکہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کی قربانیوں اور جدوجہد آزادی کی وجہ سے آج ہم آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں۔ دروپدی مرمو نے کہاکہ مہاتما گاندھی آج بھی ہر ایک کیلئے مشعل راہ ہیں جنہوں نے ہر وقت عدم تشدد کے فارمولے پر کام کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم سب کو گاندھی جی کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ 
 
وزیر اعظم نے پیش کی خراج عقیدت:
 
وزیر اعظم نریندر مودی نے راج گھاٹ پہنچ کر مہاتما گاندھی کو ان کے یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر ۔ دہلی کی چیف منسٹر ریکھا گپتا اور دیگر موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے آج صبح ایک ٹویٹ کے ذریعہ مہاتما گاندھی کو ان کی 156 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بابائے قوم کو امن، سادگی اور اخلاقی طاقت کے عالمی آئیکن کے طور پر یاد کیا۔وزیر اعظم نے اپنے پیام میں کہاکہ ایک بہتر  اور  ترقی یافتہ ہندوستان کی تشکیل میں گاندھی کی لازوال مطابقت کو اجاگر کیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ گاندھی جینتی پیارے باپو کی غیر معمولی زندگی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بارے میں ہے جن کے نظریات نے انسانی تاریخ کے دھارے کو بدل دیا۔اس دوران نریندر مودی نے سابق وزیر اعظم لال بہادر شاستری کو بھی ان کی یوم پیدائش پر وجے گھاٹ پر خراج عقیدت پیش کیا۔
 
نائب صدر  نے پیش کی خراج عقیدت:
 
نائب صدر جمہوریہ ہند سی پی رادھا کرشنن نے وجے گھاٹ پر آزادی کے جنگجو ۔ہندوستان کے سابق وزیر اعظم اور  بھارت رتن لال بہادر شاستری کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر دہلی کے ایل اور چیف منسٹر ریکھا گپتا بھی موجود تھیں۔ سی پی رادھا کرشنن نے اپنے پیام میں کہاکہ ان کی مثالی سادگی اور کفایت شعاری نسلوں کو متاثر کرتی رہتی ہے۔ رادھا کرشنن نے کہاکہ سابق وزیراعظم کی زندگی آج بھی ہم سب کیلئے ایک مشعل راہ ہے۔ یاد رہے کہ لال بہادر شاستری 2 اکتوبر 1904 کو اتر پردیش کے وارانسی سے سات میل دور ایک چھوٹے سے ریلوے ٹاؤن مغل سرائے میں پیدا ہوئے تھے۔

باپو  نے ہمیشہ  امن، بھائی چارگی اور انسانیت کے راستے پر چلنے کی ترغیب دی ہے: راہل گاندھی
 
کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھائے اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، بھارت کو سچائی، عدم تشدد اور ہم آہنگی کے اصولوں کے ساتھ متحد کرنے والے باپو کے نظریات ہمیں نفرت کے باوجود امن، بھائی چارگی، سچائی اور انسانیت کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔ 
 
مہاتما گاندھی کا نام تاریخ کے سنہری حروف میں  درج: ممتا بنرجی
 
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مہاتما گاندھی کو ان کے 156 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم رہنما قرار دیا جن کا نام تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں، ممتا بنرجی نے بابائے قوم مہاتما گاندھی کی امن اور عدم تشدد کی گہری تعلیمات کو یاد کیا۔ انہوں نے لکھا، "مہاتما گاندھی، ہمارے ملک کے عظیم رہنما، ان کا نام تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ ان کا عدم تشدد، امن، اتحاد اور ہم آہنگی کا پیغام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔