مغربی بنگال کے میرک اور دارجلنگ کی پہاڑیوں میں اتوار کو مسلسل بارش کے باعث ہونے والی شدید لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 23 ہوگئی ہے۔ اس واقعے میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کئی گھر تباہ ہوگئے اور متعدد سڑکیں ٹوٹ گئیں، جس سے آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دور دراز کے کئی علاقوں کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے جسکی وجہ سے سینکڑوں سیاح پھنس گئے ہیں۔ تاہم آج وزیراعلیٰ ممتا بنرجی متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی تاکہ صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔
میرک، دارجلنگ اور جلپائی گوڑی میں 23 افراد کی ہلاکت
این ڈی آر ایف اور بنگال حکومت کے دارجیلنگ اور جلپائی گوڑی ضلعی انتظامیہ سے ملنے والی معلومات کے مطابق، سارسلی، جسبیر گاؤں، میرک بستی، دھار گاؤں (میچی)، ناگراکاٹا اور میرک جھیل کے علاقوں سے لوگوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ قریبی جلپائی گوڑی ضلع کے ناگراکاٹا میں ایک الگ ریسکیو آپریشن کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے سے پانچ لاشیں برآمد کی گئیں۔ این ڈی آر ایف کے ایک افسر نے بتایا کہ "اب تک میرک، دارجیلنگ اور جلپائی گوڑی میں مجموعی طور پر 23 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ:
شمالی بنگال کے ترقیاتی وزیر اودین گوہا نے جان و مال کے نقصان کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے صورتحال کو تشویشناک بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دارجیلنگ کے علاقے کو کنٹرول کرنے والے گورکھالینڈ ٹیریٹوریل ایڈمنسٹریشن (جی ٹی اے) کے چیف ایگزیکٹو افسر انیت تھاپا نے کہا کہ "پہاڑوں کی رانی" کے نام سے مشہور اس خوبصورت علاقے میں 35 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ این ڈی آر ایف کے بیان کے مطابق، سب سے زیادہ متاثرہ علاقے میرک میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور سات زخمیوں کو علاقے سے نکال لیا گیا ہے۔ دارجیلنگ میں سات افراد کی ہلاکت ہوئی اور پولیس، مقامی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر رسپانس ٹیموں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
جلپائی گوڑی ضلع کے ناگراکاٹا میں ایک الگ ریسکیو آپریشن کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے ملبے سے پانچ لاشیں برآمد کی گئیں۔ درگا پوجا اور پوجا کے بعد کے تہواروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے دارجیلنگ کی پہاڑیوں میں آنے والے سینکڑوں سیاح شدید بارش کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پھنس گئے ہیں۔ ان میں سے بہت سے افراد، جو کلکتہ اور بنگال کے دیگر حصوں سے آنے والے خاندان اور گروپ شامل ہیں۔یہ سب میرک، گھوم اور لیپچاجگت جیسے مشہور مقامات کی طرف جا رہے تھے۔
ممتا آج متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گی:
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے متاثرین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا، لیکن رقم کا ذکر نہیں کیا اور کہا کہ وہ آج شمالی بنگال کا دورہ کریں گی اور علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیں گی، جہاں بڑی تعداد میں سیاح بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہلاک ہونے والوں کی کوئی تعداد نہیں بتائی۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر دارجیلنگ اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ ناگراکاٹا کے دھار گاؤں میں ملبے سے کم از کم 40 افراد کو بچایا گیا، جہاں شدید لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی گھر تباہ ہوگئے۔