Sunday, January 25, 2026 | 06, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • ہیڈ اینڈ نیک کینسر: ایک سنجیدہ مگرقابلِ انسداد بیماری

ہیڈ اینڈ نیک کینسر: ایک سنجیدہ مگرقابلِ انسداد بیماری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jan 24, 2026 IST

 ہیڈ اینڈ نیک کینسر: ایک سنجیدہ مگرقابلِ انسداد بیماری
ہیڈ اینڈ نیک کینسر (سر  اور گردن کا  کینسر )آج ہندوستانی آبادی میں تیزی سے بڑھتا ہوا ایک سنگین طبی مسئلہ بن چکا ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ بروقت آگاہی اور صحیح طرزِ زندگی اپنا کر اس بیماری سے بڑی حد تک بچاؤ ممکن ہے۔ اسی اہم موضوع پر  منصف ٹی وی کےخاص پروگرام “ہیلتھ اور ہم” میں تفصیلی گفتگو کی گئی،اس پروگرام میں یشودا اسپتال ملک پیٹ، حیدرآباد کے کنسلٹنٹ ریڈی ایشن آنکولوجسٹ ڈاکٹر سہیل احمد نے بطور مہمان شرکت کی۔

 ہیڈ اینڈ نیک کینسر سے کیا مراد ہے

ڈاکٹر سہیل احمد نے بتایا کہ ہیڈ اینڈ نیک کینسر سے مراد وہ کینسر ہیں جو منہ، زبان، ہونٹ، گلا، آواز کی نالی (لیرنکس)، ناک کے پچھلے حصے (نیزوفرینکس) اور تھوک بنانے والے غدود میں پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ برین کینسر اس زمرے میں شامل نہیں ہوتا۔

 کینسر کی سب سے بڑی وجہ 

ہندوستان میں ان کینسروں کی سب سے بڑی وجہ تمباکو کا استعمال ہے، چاہے وہ سگریٹ، بیڑی، گٹکھا، پان مسالہ یا نسوار کی شکل میں ہو۔ اس کے علاوہ شراب نوشی بھی خطرے کو کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق تمباکو میں موجود 70 سے زائد کیمیکلز ایسے ہیں جو سائنسی طور پر کینسر پیدا کرنے والے ثابت ہو چکے ہیں۔ بعض اقسام کے کینسرز میں وائرسز جیسے ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) اور ایپسٹین بار وائرس (EBV) بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ہیڈ اینڈ نیک کینسر کی ابتدائی علامات

ہیڈ اینڈ نیک کینسر کی ابتدائی علامات میں منہ میں نہ بھرنے والا چھالا، سفید یا سرخ دھبے، گانٹھ، نگلنے میں دشواری، آواز میں تبدیلی، گردن میں گلٹی اور منہ کھولنے میں تکلیف شامل ہیں۔ ڈاکٹر سہیل احمد نے زور دیا کہ اگر یہ علامات دو ہفتے سے زیادہ برقرار رہیں تو فوراً ماہر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

 بایوپسی سب سے اہم ٹیسٹ

انہوں نے بتایا کہ کینسر کی تشخیص میں بایوپسی سب سے اہم ٹیسٹ ہے، جبکہ سی ٹی اسکین، ایم آر آئی اور دیگر امیجنگ ٹیسٹس سے یہ جانچنے میں مدد ملتی ہے کہ بیماری کہاں تک پھیل چکی ہے۔ اگر کینسر ابتدائی مرحلے میں پکڑا جائے تو علاج کے نتائج نہایت حوصلہ افزا ہوتے ہیں اور 90 فیصد تک مریض مکمل یا طویل مدتی صحت یابی حاصل کر سکتے ہیں۔

 تمباکو اور شراب سے دور رہنے کا مشورہ 

پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر سہیل احمد نے عوام کو واضح پیغام دیا کہ تمباکو اور شراب سے پرہیز، ابتدائی علامات کی پہچان اور بروقت طبی مشورہ ہی اس بیماری سے بچاؤ کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آگاہی ہی سب سے بڑی حفاظت ہے، اور صحت مند زندگی کے لیے درست فیصلے ناگزیر ہیں۔ قارئین آپ اس عنوان  کا مکمل ویڈیو   یہاں دیکھ سکتے ہیں۔