Saturday, September 05, 2026 | 21 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی-این سی آر میں دوسرےدن بھی بارش۔ معمولات زندگی متاثر

دہلی-این سی آر میں دوسرےدن بھی بارش۔ معمولات زندگی متاثر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Sep 05, 2026 IST

دہلی-این سی آر میں دوسرےدن بھی بارش۔ معمولات زندگی متاثر
دہلی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ہفتہ کو مسلسل دوسرے دن شدید بارش ہوئی، جس سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے یلو الرٹ جاری کرتے ہوئے دہلی-این سی آر میں دن بھر مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے اور خطے میں 8 ستمبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ آئی ایم ڈی نے لوگوں کو ہفتہ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ گرج چمک کے ساتھ تیز بارش دن بھر جاری رہ سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، اتر پردیش کے نوئیڈا اور غازی آباد جبکہ ہریانہ کے گروگرام اور فرید آباد میں بھی شدید بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ حکمہ موسمیات کے مطابق، علاقے میں کم دباؤ بننے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر شدید بارش ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ مشرقی راجستھان، مغربی مدھیہ پردیش، چنڈی گڑھ اور مغربی اتر پردیش میں ہفتہ کو بعض مقامات پر شدید سے بہت شدید بارش کا امکان ہے۔ جمعہ کو شدید بارش کے دوران آئی ایم ڈی نے دہلی کے تمام 11 اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا تھا، جبکہ ہفتے کے لیے یلو الرٹ رکھا گیا۔

دہلی میں پانی جمع، ٹریفک متاثر

جمعہ کو دہلی میں شدید بارش ہوئی، جس کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک متاثر ہوا۔ دہلی اور گروگرام کے کئی حصوں میں ٹریفک میں خلل کی اطلاعات سامنے آئیں۔ کنوٹ پلیس (سی پی)، لوٹینز دہلی، آئی ٹی او، سائبر سٹی کمرشل ہب، شنکر چوک اور شیتلا ماتا روڈ جیسے علاقوں میں بھی ٹریفک متاثر ہوا۔ اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ہوائی اڈے پر بھی فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دہلی ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ جمعہ کی دوپہر شدید بارش کے باعث اپروچ روڈ اور فورکورٹ کے علاقوں میں پانی جمع ہوگیا تھا، جسے کچھ دیر بعد صاف کر دیا گیا۔ خراب موسم کی وجہ سے کچھ پروازوں میں تاخیر ہوئی جبکہ کچھ پروازوں کا رخ بھی موڑنا پڑا۔

جمعہ کو کم از کم 9 پروازوں کا رخ موڑا گیا تھا۔

ان میں 4 پروازیں جے پور، 4 لکھنؤ اور ایک احمد آباد بھیجی گئی۔ جمعہ کو پالَم میں 3 گھنٹوں کے دوران 72.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ یہ اس دوران دہلی میں سب سے زیادہ بارش تھی۔ نارائنا روڈ میں 54 ملی میٹر، جنک پوری میں 48.5 ملی میٹر اور صفدرجنگ میں 32.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔
 
بارش کے بعد دہلی میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) میں بھی بہتری آئی۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (CPCB) کے مطابق جمعہ کو 'AQI 71' ریکارڈ کیا گیا، جو ’اطمینان بخش‘ زمرے میں آتا ہے۔
 
'CPCB' کے مطابق 0 سے 50 تک AQI ’اچھا‘، 51 سے 100 ’اطمینان بخش‘، 101 سے 200 ’اعتدال پسند‘، 201 سے 300 ’ناقص‘، 301 سے 400 ’انتہائی ناقص‘ اور 401 سے 500 ’شدید‘ زمرے میں آتا ہے۔