Saturday, September 05, 2026 | 21 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • امریکہ نے سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر زکے جدید ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دی

امریکہ نے سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر زکے جدید ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Sep 05, 2026 IST

امریکہ نے سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر زکے جدید ہتھیار فروخت  کرنے کی منظوری دی
سعودی عرب کو ایران اور حوثی باغیوں کے حملوں کا سامنا 
سعودی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کا امریکی فیصلہ
ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی ہتھیاروں کی فروخت سے آگاہ کر چکا ہے
 
امریکی محکمہ خارجہ نے خلیجی اتحادی  ملک سعودی عرب کو 5 بلین ڈالر کے جدید بم، گائیڈنس کٹس اور دفاعی آلات کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، کیونکہ ایران کے ساتھ کشیدگی اور علاقائی تنازعات عروج پر پہنچ گئے ہیں۔ واشنگٹن نے کہا کہ اس فیصلے کا مقصد مشرق وسطیٰ میں ایرانی افواج اور یمن میں حوثی باغیوں کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے مسلسل سلسلے کا مقابلہ کرنے کے لیے سعودی عرب کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانا ہے۔
 
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ معاہدہ امریکی سلامتی کے مفادات کے مطابق ایک اہم غیر نیٹو اتحادی سعودی عرب کے دفاع کو مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ سپر پاور نے اپنی کانگریس کو ہتھیاروں کی مجوزہ فروخت سے پہلے ہی مطلع کر دیا ہے۔ امریکی فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب مغربی ایشیا میں حملے بڑھ رہے ہیں۔
 
امریکی محکمہ خارجہ نے جمعہ کو سعودی عرب کو 5 ارب ڈالر مالیت کے جوائنٹ ڈائریکٹ اٹیک میونیشنز-ایکسٹینڈڈ رینج (JDAM-ER) کی  فروخت کی منظوری دے دی ہے۔  بنیادی ٹھیکہ بوئنگ کو ملا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس کے علاوہ سعودی عرب کو 750 ملین ڈالر مالیت کے اے جی ٹی-150 انجنوں کی علیحدہ  فروخت  کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ جس کا ٹھیکہ Honeywell کو ملے گا۔ یہ انجنز لڑاکا ٹینکوں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
 
 یو ایس محکمہ خارجہ نے کہا کہ مجوزہ فروخت سے سعودی عرب کی موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوگی، جبکہ اس کی تیاری، آپریشنل ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت اور دفاعی تعاون میں بہتری آئے گی۔ اسی دوران امریکہ نے عمان اور عراق کے لیے بھی 2 مزید دفاعی سودوں کی منظوری دی ہے۔
 
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق عمان کو  ایف-16 طیاروں کی دیکھ بھال اور معاونت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے 188 ملین ڈالر مالیت کے ممکنہ معاہدے کی منظوری دی گئی ہے۔ عراق کو 150 ملین ڈالر مالیت کے Bell 412EPX ہیلی کاپٹرز فروخت کی بھی منظوری دی گئی ہے۔