Wednesday, December 17, 2025 | 26, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • تیرا خواب میں پورا کروں گی

تیرا خواب میں پورا کروں گی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: | Last Updated: Dec 17, 2025 IST

تیرا خواب میں پورا کروں گی
تیرا خواب میں پورا کروں گی
 
کہتے ہیں نا، سچی محبت میں اتنی طاقت ہوتی ہے، کہ پہاڑ بھی کانپنے لگتے ہیں، اور آخرکار خود ہی راستہ دے دیتے ہیں۔ جس طرح مانجھی نے اپنی محبت کے لیے ایک چھوٹی سی ہتھوڑی سے پہاڑ کا سینہ چیر دیا تھا اور خود کو اپنے محبت کے لئے وقف کر دیا، بالکل اسی طرح ایوشا نے بھی اپنے محبت کے خواب کو پورا کرنے کے لیے خود کو وقف کر دیا۔
 
ایوشا، جو کبھی فوج کا حصہ تھی،مگر زندگی نے ایک ایسا موڑ لیا کہ وہ سب کچھ چھوڑ کر حیدرآباد آ گئی۔ جو روہان سے بہت محبت کرتی تھی۔
 
روہان ایک ایتھلیٹ رنر، جس کی دوڑ میں صرف رفتار نہیں بلکہ خواب بھی شامل تھے۔ ایوشا چونکہ خود آرمی میں رہ چکی تھی،اس لئے اسے  اچھی طرح معلوم تھا کہ ایک رنر کن کن دردوں سے گزرتا ہے۔ جب روہان دوڑتا، ایوشا بس اسے دیکھتی رہ جاتی۔ وہ منظر اسے اتنا خوبصورت لگتا کہ کئی بار وہ اپنے جذبات قابو میں رکھنے کے لیےاپنے ہی ہاتھ دانتوں میں دبا لیتی۔ روہان کا خواب تھا، کہ وہ فل میراتھن تین گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کرے۔ وہ پہلے ہی برلین میراتھن 3 گھنٹے 14 منٹ میں مکمل کر چکا تھا اب ہدف اور بڑا تھا۔
 
مگر پھر ایک دن پریکٹس کے دوران زندگی نے ایسی کروٹ لی جس کی ان دونوں نے شاید کبھی سوچا نہیں تھا۔ ایک دن دوڑتے ہو ئے روہان کو اچانک ہارٹ اٹیک آیا اور وہ زمین پر گر پڑا۔ اسے فورا ہسپتال لے جایا گیا۔ راستے میں اس کے دوستوں نے ایوشا کو فون کیاکہ روہان کو ہارٹ اٹیک آیا ہے۔ یہ سنتے ہی ایوشا کے قدموں تلے سے زمین نکل گئی۔ ہنستا ہوا پھول سا چہرہ ایک لمحے میں مرجھا گیا، آنکھوں میں سمندر اتر آیا۔ وہ مضبوط تھی، بہت مضبوط، اس نے خود کو سنبھالا، آنسو پونچھے اور بھاگتی ہوئی ہسپتال پہنچی۔
 
مگر وہاں, ڈاکٹر کے الفاظ، تلوار بن کر گرے"روہان اب نہیں رہا۔" یہ سنتے ہی، ایوشا ہوش کھو بیٹھی، اور زمین پر گر پڑی۔ پورے ہسپتال میں سناٹا چھا گیا، ہر آنکھ نم ہو گئی۔ بڑی مشکل سے، ڈاکٹروں نے ایوشا کو ہوش میں لایا۔ آنکھ کھلتے ہی، وہ روہان کی طرف دوڑی، اس کا ہاتھ تھاما، اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ اور پھر قدرت نے کرشمہ دکھایا۔ ایوشا کے آنسو جیسے ہی روہان کے ہاتھ پر گرے، اس کی انگلی ہلنے لگی۔ ایوشا چیخ اٹھی۔ ڈاکٹر دوڑتے ہوئے آئے، اور فورا علاج شروع کیا گیا۔ باہر بیٹھ کر، ایوشا سجدے میں گر گئی۔ وہ گڑگڑا کر، اپنے خدا سے، اپنی محبت واپس مانگنے لگی۔
 
شاید اس کے آنسو، عرش تک پہنچ گئے تھے۔ خدا نے بھی، اس کی التجا رد نہ کی۔ کچھ ہی دیر بعد، ڈاکٹر باہر آئے اور کہا "روہان اب خطرے سے باہر ہے۔" پورا ہسپتال، خوشی کے آنسوؤں سے بھر گیا۔ اسی دن، ایوشا نے ایک وعدہ کیا، تمہارا خواب میں پورا کروں گی۔" آج روہان زندہ ہے، مگر دوڑ نہیں سکتا کیوں کے ڈاکٹر نے اس کو دوڑنے سے منا کیا ہوا ہے۔ اور اب ایوشا اپنی محبت کے لیے، سب کچھ قربان کر چکی ہے۔ وہ خود پریکٹس کر رہی ہے، پسینہ، درد، تھکن، سب قبول ہے۔ ایوشا اپنا پہلا فل میراتھن، ٹاٹا ممبئی میراتھن میں دوڑے گی۔ اور اس کے دل و دماغ میں، اب صرف ایک ہی آواز گونجتی ہے، تیرا خواب میں پورا کروں گی۔