Monday, February 02, 2026 | 14, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • بڑھتا ہوا فیٹی لیور، تشویشناک حقائق اور احتیاطی تدابیر

بڑھتا ہوا فیٹی لیور، تشویشناک حقائق اور احتیاطی تدابیر

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Jan 31, 2026 IST

بڑھتا ہوا فیٹی لیور، تشویشناک حقائق اور احتیاطی تدابیر
منصف ٹی وی کے خاص  پروگرام 'ہیلتھ اور ہم'میں آج ایک اہم اور تیزی سے بڑھتا   مرض فیٹی لیور (Fatty Liver) پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ جس میں ماہر طب جی ایس سمیر کمار نے بیماری کی علامات، وجوہات، علاج   اور احتیاطی تدابیر سے ناظرین کو آگاہ کیا۔
 
مکمل جانکاری کے لیے ویڈیو دیکھیں:
 

ڈاکٹر سمیر کمار نے بتایا کہ فیٹی لیور ایک ایسی حالت ہے جس میں جگر کے خلیوں میں چربی غیر معمولی حد تک جمع ہو جاتی ہے۔ عام طور پر جگر میں تھوڑی مقدار میں چربی ہونا فطری ہے، لیکن جب یہ مقدار بڑھ جائے تو جگر کے افعال متاثر ہونے لگتے ہیں۔ فیٹی لیور کی دو بڑی اقسام ہوتی ہیں، ایک الکحل کے استعمال سے ہونے والا فیٹی لیور اور دوسرا نان الکحل فیٹی لیور، جو زیادہ تر موٹاپے، ذیابیطس اور غیر متوازن طرزِ زندگی کا نتیجہ ہوتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ اس بیماری کی علامات اکثر ابتدائی مرحلے میں ظاہر نہیں ہوتیں، جس کی وجہ سے مریض طویل عرصے تک لاعلم رہتا ہے۔ تاہم بعض افراد میں تھکن، دائیں جانب پیٹ میں درد، متلی، بھوک کی کمی اور وزن میں اضافہ یا کمی جیسی علامات دیکھی جا سکتی ہیں۔ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہی بیماری آگے چل کر جگر کی سوزش، فائبروسس اور حتیٰ کہ سروسس جیسی خطرناک شکل اختیار کر سکتی ہے۔
 
علاج کے حوالے سے ڈاکٹر سمیر کمار نے زور دیا کہ فیٹی لیور کا سب سے مؤثر علاج طرزِ زندگی میں تبدیلی ہے۔ متوازن غذا، چکنائی اور میٹھے کا کم استعمال، باقاعدہ ورزش، وزن میں کمی اور الکحل سے مکمل پرہیز اس بیماری کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال فیٹی لیور کے لیے کوئی مخصوص دوا نہیں، تاہم شوگر، کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنا بے حد ضروری ہے۔
 
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر سمیر کمار نے ناظرین کو مشورہ دیا کہ باقاعدہ طبی معائنہ کروائیں، جگر کے ٹیسٹ کو نظر انداز نہ کریں اور صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں۔ منصف ٹی وی کا یہ پروگرام عوام میں صحت سے متعلق آگاہی بڑھانے کی ایک مؤثر کوشش ہے ۔جو عوام کی روز مرہ صحتی مسائل سے متعلق ہے۔