ہندوستان کی ویمنس کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دیکر تاریخ میں پہلی مرتبہ ونڈے ورلڈکپ جیت لیا ہے۔ ٹیم انڈیا نے ٹاس ہار نے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 298 رن بنائے اور جنوبی افریقہ کو 299 رنوں کا ٹارگٹ دیا۔ 299 رنوں کا پیچھا کرتے ہوئے افریقہ کی ٹیم محض 246 رن ہی بناسکی ۔ جنوبی افریقہ کیلئے کپتان والوارڈٹ نے شاندار بیاٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 101 رن بنائے تاہم وہ ٹیم کو جیت دلانے میں ناکام رہیں۔
دپتی شرما کی شاندار گیند بازی
ہندوستان کی جانب سے دپتی شرما نے بہترین گیند بازی کرتے ہوئے پانچ وکٹ حاصل کئے۔ قبل ازیں پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان نے شیفالی ورما کے 87 اور دپتی شرما کے 58 رن کی مدد سے 298 رن بنائے۔ ہندوستانی بلے باز شروع سے ہی حریف بولرس پر چھائے رہے جس کی وجہ سے وہ قابل دفاع اسکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔ہندوستان کیلئے شیفالی ورما نے ذمہ دارانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 87 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں اسمرتی مندھنا 45۔ دپتی شرما 58 اور وکٹ کیپر ریچا گھوش نے 34 اسکور کئے۔ شیفالی ورما کو پلیئر آف دی میچ جبکہ دپتی شرما کو پلیئر آف دی سیریز دیاگیا۔
وہیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ویمنس ونڈے ورلڈکپ جیتنے پر پورے ملک میں جشن کا ماحول ہے۔ ٹیم انڈیا کے پرستار اس تاریخی جیت پر پورے جوش وخروش کے ساتھ جشن منارہے ہیں۔ میچ کے ختم ہوتے ہی شائقین سڑکوں پر نکل آئے اور ٹیم انڈیا کی کارکردگی پر مسرت کا اظہار کیا۔ شائقین نے کہاکہ ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستان کی بیٹیوں نے آج ہمیں فخر کا لمحہ فراہم کیاہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر ہم بہت زیادہ خوش ہیں۔
میتھالی راج نے ٹیم کو تاریخی جیت پر مبارکباد دی
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز میتھالی راج نے بھی قومی ٹیم کو تاریخی جیت پر مبارکباد دی۔ میتھالی راج نے کہاکہ ہندوستانی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے تاریخ رقم کی۔ انہو ں نے کہاکہ بعض موقعوں پر ٹیم نے مضبوط واپسی کرتے ہوئے جیت کو یقینی بنایا۔ میتھالی نے کہاکہ ٹیم کی اس شاندار کارکردگی میں پر تمام کھلاڑیوں۔ کوچنگ اسٹاف اور دیگر کو مبارکباد دیتی ہوں۔
نیرج چوپڑا نے ٹیم کو تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی
جیولین تھرو کرنے والے نیرج چوپڑا نے ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کو تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی جس نے اپنا پہلا آئی سی سی ورلڈ کپ ٹائٹل جیت لیا۔نے فائنل مقابلے میں جنوبی افریقہ کو 52 رنز سے شکست دے کر اپنا پہلا آئی سی سی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔نیرج چوپڑا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم کو مبارک ہو کیونکہ اس نے پہلی مرتبہ خواتین کا ونڈے ورلڈ کپ ٹائٹل جیتا۔ نیرج چوپڑا نے کہاکہ یہ ایک تاریخی جیت ہے جس کےلئے تمام کھلاڑیوں نے پورے ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔