چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سعودی عرب میں ہندوستانی عمرہ زائرین کو لے جانے والی بس کے ہولناک حادثے پرغم کا اظہار کیاہے ۔اور چیف سکریٹری اور ڈی جی پی کو مکمل تفصیلات معلوم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی ہے کہ وہ مرکزی وزارت خارجہ اور سعودی سفارت خانے کے حکام سے بات کریں۔ ضرورت پڑنے پر مناسب اقدامات اٹھائیں۔
مزید برآں، تلنگانہ سکریٹریٹ میں ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے تاکہ حالات کی مسلسل نگرانی کی جاسکے، معلومات اکٹھی کی جاسکے اور متاثرہ خاندانوں کو مدد فراہم کی جاسکے، متاثرہ خاندانوں کو ضروری معلومات اور تعاون فراہم کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے،جو کہ 7997959754اور 9912919545 ہے۔ دوسری جانب جدہ میں واقع بھارتی قونصل خانے نے مدد کے لیے 24x7 کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ اس کا ٹول فری نمبر 8002440003 ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ کے قریب دردناک سڑک حادثہ میں42 ہندوستانی عمرہ زائرین کی موت ہو گئی ہے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب زائرین مکہ مکرمہ سے مدینہ کی طرف واپس جارہے تھے۔اس دوران ہندوستانی زائرین کی بس ڈیزل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں آگ بھڑک اُٹھی اور 42 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ یہ المناک واقعہ پیر کی صبح تقریباً 1 بجکر 30 منٹ پر مدینہ روڈ کے مفرحت علاقہ میں پیش آیا۔معلومات کے مطابق بس میں 43 مسافر سوار تھے۔ حادثے میں صرف ایک شخص زندہ بچ سکا۔ واحد زندہ بچ جانے والے کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 20 خواتین اور 11 بچے بھی شامل ہیں ۔