رشبھ پنت کی بہن ساکشی پنت شادی کے بندھن میں بندھنے جارہی ہیں۔ ان کی شادی انکیت چودھری نامی شخص سے ہو رہی ہے، جو پیشے سے بزنس مین ہے۔ اب ساکشی پنت کی شادی کی تقریب کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں ساکشی اپنے بھائی رشبھ پنت کا ہاتھ پکڑے چل رہی ہیں۔ مسوری، اتراکھنڈ میں مختلف رسومات کے شروع ہو گئے ہیں۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ایم ایس دھونی تقریب میں شرکت کے لیے اپنی اہلیہ ساکشی کے ہمراہ مسوری پہنچ گئے ہیں۔ دیگر ہندوستانی کرکٹرز کے بھی جلد ہی مسوری پہنچنے کی اطلاع ہے۔
اتراکھنڈ کے خانپور علاقے سے ایم ایل اے امیش کمار بھی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ مہندی کی تقریب کل رات مسوری کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ آج ہلدی کی تقریب ہوئی ہے اور شام کو ڈنر پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ساکشی اور رشبھ نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کے ذریعہ شیئر کردہ ویڈیو میں ایک ساتھ نظر آرہے ہیں۔ رشبھ پنت نے سفید رنگ کا کرتہ پہنا ہوا ہے جس پر پیلے رنگ کی کڑھائی ہے۔ خاندان کے دیگر رشتہ دار بھی خوشی میں ناچتے نظر آئے۔
جیسے جیسے ہولی کا تہوار قریب آرہا ہے، ابتدائی تقریبات کے دوران ہولی بھی کھیلی گئی۔ بھارتی کرکٹر کو ایم ایل اے امیش کمار اور دیگر رشتہ داروں پر رنگ لگاتے دیکھا گیا۔ رشبھ پنت چیمپئنز ٹرافی 2025 میں ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن انہیں ایک بھی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ ہندوستان کے چمپئن بننے کے بعد پنت سیدھے مسوری چلے گئے۔ ساکشی پنت کی بات کریں تو وہ انکت چودھری کے ساتھ کافی عرصے سے ڈیٹنگ کر رہی تھیں۔ دونوں نے گزشتہ سال جنوری میں منگنی کی تھی۔ ایم ایس دھونی نے لندن میں منگنی کی اس تقریب میں بھی شرکت کی تھی ۔