Sunday, November 02, 2025 | 11, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • بلیک راک سے 4,200 کروڑ کی دھوکہ دہی، بھارتی نژاد سی ای او پر الزام؛ جانیے پورامعاملہ؟

بلیک راک سے 4,200 کروڑ کی دھوکہ دہی، بھارتی نژاد سی ای او پر الزام؛ جانیے پورامعاملہ؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Nov 01, 2025 IST

بلیک راک سے 4,200 کروڑ کی دھوکہ دہی، بھارتی نژاد سی ای او پر الزام؛ جانیے پورامعاملہ؟
امریکی سرمایہ کاری کمپنی بلیک راک ایک ہائی پروفائل گھپلے کا شکار ہو گئی ہے۔ تقریباً 4,200 کروڑ روپے کی اس بے ضابطگی کے پیچھے بھارتی نژاد سی ای او بنکیم برہم بھٹ کا نام سامنے آ رہا ہے، جنہوں نے اپنی کمپنیوں کے ذریعے مبینہ طور پر یہ گھپلا انجام دیا ہے۔ 2020 سے شروع ہونے والے اس گھپلے کو ماہرین نے ’ناقابل یقین‘ قرار دیا ہے۔ آئیے سمجھتے ہیں پورا معاملہ کیا ہے۔
 
کیا ہے معاملہ؟
 
امریکہ کے اخبار وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق، بلیک راک کی پرائیویٹ لون انویسٹمنٹ شاخ HPS انویسٹمنٹ پارٹنرز نے بنکیم کے خلاف رواں سال اگست میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ HPS کا کہنا ہے کہ بنکیم کی کمپنیوں کو 2020 میں اس شرط پر قرض دیا گیا تھا کہ وہ گاہکوں سے ملنے والی بقایا رقم کو گروی رکھیں گے۔ بتادیں کہ HPS پارٹنرز کو رواں سال کے آغاز میں بلیک راک نے خریدا تھا۔
 
دھوکہ دہی کیسے کی گئی؟
 
HPS پارٹنرز کی جانب سے برہم بھٹ کی دو ٹیلی کام کمپنیوں،براڈ بینڈ ٹیلی کام اور برج وائس،کو بھاری رقم ادھار دی گئی تھی۔ قرض دہندگان نے الزام لگایا ہے کہ اس کے لیے بنکیم نے قرض لینے کے لیے گروی رکھی جانے والی جائیدادوں کی بیلنس شیٹ کو من گھڑت بنایا اور جعلی بل بنا کر قرض حاصل کر لیا۔ رپورٹ کے مطابق، بنکیم نے اپنی جائیدادیں بھارت اور ماریشس میں منتقل کر دیں اور اپنی کمپنیوں اور خود کو دیوالیہ قرار دینے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔
 
انکشاف کیسے ہوا؟
 
رپورٹ کے مطابق، یہ بے ضابطگی برسوں تک چلتی رہی۔ HPS نے بنکیم کی کمپنیوں کو 2020 میں قرض دینا شروع کیا تھا اور گھپلا بالآخر جولائی 2024 میں پکڑا گیا۔ تب ایک ملازم نے کمپنی کے ای میل ڈومین میں خرابی نوٹ کی۔ کچھ ای میلز حقیقی ٹیلی کام کمپنیوں کے نام پر تھیں، لیکن درحقیقت وہ جعلی ڈومین سے بھیجی گئی تھیں۔ بعد کی تفتیش میں پتا چلا کہ کئی بل اور ای میلز بھی مکمل طور پر جعلی تھے۔
 
بنکیم غائب، کمپنی کے دفتر پر بھی تالا:
 
انکشاف کے بعد جب بنکیم کو اس کی اطلاع دی گئی تو پہلے اس نے سب کچھ ٹھیک ہونے کی بات کہی۔ پھر فون اٹھانا ہی بند کر دیا۔ جب HPS کے ملازمین نیویارک میں واقع بنکیم کی کمپنی کے دفتر پہنچے تو وہاں بھی تالا لگا تھا۔ بنکیم کے نیویارک میں واقع گھر میں کچھ لگژری گاڑیاں کھڑی ہیں، لیکن وہاں کوئی نہیں ہے۔بلیک راک اور دیگر قرض دہندگان کا کہنا ہے کہ بنکیم بھارت میں ہو سکتا ہے۔
 
تفتیش میں اور کیا کیا بے ضابطگیاں سامنے آئیں؟
 
قرض دہندگان کے مطابق، بنکیم نے کیریوکس کیپیٹل اور بی بی کیپیٹل SPV جیسی فنانسنگ کمپنیوں کا ایک نیٹ ورک بنایا۔ اس نے بلیک راک کے HPS کے پرائیویٹ کریڈٹ سرمایہ کاروں سے کروڑوں ڈالر ادھار لیے۔تفتیش میں سامنے آیا کہ گزشتہ دو سال میں جو بھی بل دیے گئے، وہ سب جعلی تھے۔ ساتھ ہی جعلی کسٹمر کنٹریکٹس بھی بنائے گئے۔ عدالت کے دستاویزات میں لکھا ہے، "بنکیم نے ایسی جائیدادوں کا تفصیلی بیلنس شیٹ تیار کیا جو صرف کاغذوں پر ہی موجود تھیں۔
 
بنکیم کون ہے؟
 
بنکیم ٹیلی کام کمپنی براڈ بینڈ ٹیلی کام اور برج وائس کے مالک ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں بنکئی گروپ سے وابستہ ہیں، جن کے سی ای او بنکیم ہیں۔ بنکئی گروپ کے سوشل میڈیا کے مطابق، ان کی کمپنی دنیا بھر کے ٹیلی کام آپریٹرز کو انفراسٹرکچر اور کنیکٹیویٹی حل فراہم کرتی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق، نیویارک کے گارڈن سٹی سے ان کا کاروبار چل رہا تھا۔ بنکیم نے 12 اگست کو خود کو دیوالیہ قرار دینے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔