Thursday, October 30, 2025 | 08, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • اسرائیل نے پھر غزہ پر کی بمباری،شدید حملہ میں 30 فلسطینی شہید،اسرائیلی وزیر اعظم کاطاقتور حملے کا حکم

اسرائیل نے پھر غزہ پر کی بمباری،شدید حملہ میں 30 فلسطینی شہید،اسرائیلی وزیر اعظم کاطاقتور حملے کا حکم

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 29, 2025 IST

اسرائیل نے پھر غزہ پر کی بمباری،شدید حملہ میں 30 فلسطینی  شہید،اسرائیلی وزیر اعظم کاطاقتور حملے کا حکم
غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے معاہدہ کی خلاف ورزی کی ہے۔ اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ پر شدید فضائی حملے کیے ہیں۔ ان حملوں میں قریب 30 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ۔جبکہ 50 زخمی ہیں، غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے فضائی حملوں کی اطلاع دی۔اسرائیلی فوج نے یہ حملے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے احکامات کے بعد کیے، جنہوں نے حماس پر اپنے فوجیوں پر حملے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔
 
اسرائیلی وزیر اعظم نے دیا تھا طاقتور حملے کا حکم:
 
 حملوں سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نے حماس پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے غزہ پر ایک طاقتور حملے کا حکم دیا ۔غزہ پر حملے سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کی گئی ۔پوسٹ میں کہاگیا کہ وسیع پیمانے پر سیکوریٹی مشاورت کے بعد وزیراعظم نے  فوج کو غزہ میں فوری طاقتور حملے کی اجازت دی ہے۔ 
 
کیا ہے اسرائیل کا الزام؟
 
اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے منگل کے روز حماس پر یرغمالیوں کی لاشوں کی واپسی کے عمل کے دوران غلط باقیات حوالے کر کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔ وہیں حماس نے ایک بیان میں اسرائیل پر الزام لگایا کہ وہ غزہ میں حملے کرنے کا جھوٹا بہانہ بنا رہا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں لاشوں کی تلاش میں رکاوٹ ڈال  رہا ہے۔جسکے بعد حماس نے بھی اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث مغویوں کی لاشوں کی حوالگی مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔
 
واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل نے امریکی ثالثی کے بعد جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم جنگ بندی معاہدے کے بعد اسرائیل نے ایک بار پھر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ پر ایک اور حملہ کیا ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان 10 اکتوبر کو جنگ بندی پر دستخط ہوئے تھے۔جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں اب تک قریب  94 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔