Sunday, March 01, 2026 | 11 رمضان 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • ایران پر حملہ خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ: امیر جماعت اسلامی ہند

ایران پر حملہ خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ: امیر جماعت اسلامی ہند

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Feb 28, 2026 IST

ایران پر حملہ خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ: امیر جماعت اسلامی ہند
جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کیے گئے مشترکہ فوجی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مغربی ایشیا کے امن و استحکام کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔

 بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی

میڈیا کے نام جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ایران کی قومی خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق ایسے وقت میں جب خطہ پہلے ہی بدامنی اور انسانی بحرانوں کا شکار ہے، اس نوعیت کی فوجی کارروائی کشیدگی کو مزید بھڑکانے اور عام شہریوں کے لیے مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گی۔

جارحانہ اقدامات عالمی قانون اور امن کیلئے نقصان 

سید سعادت اللہ حسینی نے زور دیا کہ جوہری پروگرام یا سلامتی سے متعلق تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ میزائلوں اور جنگی طاقت کے ذریعے۔ انہوں نے کہا کہ جارحانہ اقدامات عالمی قانون اور امن کے اداروں کی ساکھ کو کمزور کرتے ہیں۔

 خطے میں اسرائیلی سرگرمیوں پر اظہار تشویش

انہوں نے خطے میں اسرائیل کی مسلسل فوجی سرگرمیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں سے مغربی ایشیا میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو مذاکرات کی راہ اپنانا چاہیے تھا، مگر فوجی راستہ اختیار کرنے سے وسیع پیمانے پر جنگ کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں، جس کے نتائج انتہائی تباہ کن ہو سکتے ہیں۔

 کشیدگی سے خطے کے لاکھوں افراد کی زندگیوں کو خطرہ 

امیر جماعت اسلامی ہند نے تہران اور دیگر علاقوں میں دھماکوں اور جوابی کاروائیوں کی خبروں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کشیدگی سے خطے کے لاکھوں افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی کی جنگوں نے بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتوں، معاشی تباہی اور طویل المدتی عدم استحکام کو جنم دیا ہے۔

عالمی برادری سے مداخلت کی اپیل 

انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی، جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

 حکومت ہند جنگ بندی کے اقدام کرے

سید سعادت اللہ حسینی نے حکومت ہند سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی تاریخی غیر وابستگی اور پرامن حل کے اصولی مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد اور متوازن پالیسی اپنائے، اور عالمی فورمز پر جنگ بندی اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کے حق میں آواز بلند کرے۔

مسلم ممالک سے اتحاد کی اپیل 

انہوں نے مسلم ممالک سے بھی اتحاد، دانشمندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی تاکہ موجودہ بحران کسی وسیع تر تصادم میں تبدیل نہ ہو۔
 
جماعت اسلامی ہند نے اپنے بیان میں جنگ، غیر قانونی قبضے اور ناانصافی کے خلاف اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن فوجی طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ صرف انصاف، باہمی احترام اور سفارتی کوششوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔