Sunday, March 01, 2026 | 11 رمضان 1447
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • امت کو قرآن سےجوڑنا جمعیۃ علماء ہند کی بنیادی تحریک: مولانا محمد حکیم الدین قاسمی

امت کو قرآن سےجوڑنا جمعیۃ علماء ہند کی بنیادی تحریک: مولانا محمد حکیم الدین قاسمی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Feb 28, 2026 IST

امت کو قرآن سےجوڑنا جمعیۃ علماء ہند کی بنیادی تحریک: مولانا محمد حکیم الدین قاسمی
 رمضان المبارک کا پہلا عشرہ مکمل ہو گیا ہے۔ پہلے دہے میں  کئی مساجد میں نماز تراویح میں قرآن مجید مکمل سنایا گیا۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر فدائے ملت (ہند ہال)، آئی ٹی او، نئی دہلی میں دس روزہ تراویح کے دوران حافظ ابو بکر، فرزندِ مولانا محمد حکیم الدین قاسمی (ناظمِ عمومی جمعیۃ علماء ہند) نے بحمد اللہ قرآنِ مجید مکمل کیا۔ سامع کے فرائض مولانا کلیم الدین قاسمی، انچارج مہمان خانہ دفتر، نے انجام دیے۔ اس موقع پر ایک مختصر مگر باوقار تقریب اور دعائیہ محفل کا اہتمام کیا گیا جس میں دہلی کے ممتاز علماء، جمعیۃ کے ذمہ داران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
 
اپنے کلیدی خطاب میں ناظمِ عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی نے ماہ رمضان کی روحانی اہمیت اور قرآنِ مجید سے مضبوط تعلق کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند طویل عرصے سے معاشرے کو قرآن سے جوڑنے کی جدوجہد کر رہی ہے، جو حضرت شیخ الہندؒ کے مشن کا حصہ ہے۔ انہوں نے امت میں اتحاد، عملی وابستگی اور صالح معاشرے کی تشکیل پر زور دیا تاکہ دینِ حق کا قیام ممکن ہو اور معاشرہ انسانی فلاح کے لیے مفید ثابت ہو۔
 
مولانا حکیم الدین قاسمی نے صوبہ دہلی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ مقامی سطح پر تنظیم کو مضبوط کریں اور ملت کے ہر فرد کے لیے فائدہ مند سرگرمیوں کو فروغ دیں۔جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کے صدر مولانا محمد قاسم نوری نے رمضان اور قرآن کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے حافظ ابو بکر اور سامع مولانا کلیم الدین قاسمی کو مبارکباد پیش کی۔
 
تقریب میں مولانا قاری عارف قاسمی (نائب صدر، صوبہ دہلی)، مولانا آفتاب صدیقی (ناظم اعلیٰ)، مولانا عبدالسبحان قاسمی (ناظم)، مولانا یاسین جہازی (معتمد شعبہ دعوت اسلام) سمیت دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔اس کے علاوہ، مدرسہ باب العلوم جعفرآباد کے مہتمم مولانا اویس رشیدی، مولانا شمس القمر، مولانا ڈاکٹر عبدالملک رسول پوری، جمعیۃ علماء شمال مشرقی دہلی کے نائب صدر مولانا رضوان انجم، سکریٹری حافظ یوسف اعظمی اور دیگر متعدد علماء و وکلاء بھی شریک ہوئے۔
 
تقریب میں مولانا ارشد ندوی اور حافظ محمود صاحبزادہ نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا عظیم اللہ صدیقی نے انجام دیے۔یہ دس روزہ تراویح کا پروگرام جمعیۃ علماء ہند کے قرآنِ مجید کی تعلیم، روحانی ترقی اور امت میں اتحاد و اتفاق کے مشن کا مظہر ہے۔