وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے آج کہا ہے کہ جموں وکشمیر کابینہ کی توسیع ضرورکی جائے گی۔ لیکن یہ عمل 15 اگست کے بعد آگے بڑھ سکتا ہے۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ یومِ آزادی کی تقریبات کے بعد کابینہ میں توسیع کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
یوم آزادی 15اگست کےبعد کابینہ میں توسیع
سری نگر ایس کے آئی سی سی میں ایک تقریب کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کابینہ میں توسیع کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا، ”ہم کریں گے، امید ہے 15 اگست سے پہلے“، تاہم فوراً اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا، ”نہیں، نہیں، 15 اگست سے پہلے نہیں“۔ انہوں نے اس بات کو واضح کیا کہ فی الحال حکومت کی توجہ یومِ آزادی سے متعلق انتظامات پر مرکوز ہے۔ ”ہاں، کابینہ میں توسیع ہوگی۔ یہ کی جائے گی، کوئی مسئلہ نہیں۔
کھیلوں کےشعبے میں 280کروڑ کی سرمایہ کاری
جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ نے سری نگر کے ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے شعبے میں 280 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری صرف شروعات ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ بہتر بنیادی ڈھانچے، پیشہ ورانہ کوچنگ، جدید تربیتی سہولیات اور مالی معاونت کے ذریعے ان کی مکمل سرپرستی کی جائے گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں کھلاڑی وسائل کی کمی کے بجائے صرف اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کر سکیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نقد انعامات حاصل کرنے والے 580 شاندار کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
تقریباً 230 کھلاڑیوں کو تقرری نامے
وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کے نمایاں کھلاڑیوں کے لیے زیر التوا تقرری ناموں کے معاملے پر بھی اہم وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 230 کھلاڑیوں کو تقرری نامے جاری کیے جائیں گے۔عمر عبداللہ کے مطابق وزیر کھیل ستیش شرما نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تقرریوں کا عمل آنے والے ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نمایاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق سوال پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی توجہ صرف کرکٹ تک محدود نہیں رہے گی۔
اننت ناگ کوقرار دیا خصوصی 'کولڈ واٹر فشریز کلسٹر
مرکزی حکومت نے اننت ناگ کو خصوصی 'کولڈ واٹر فشریز کلسٹر' قرار دے دیا ہے، جس کا مقصد ٹراؤٹ مچھلی کی پیداوار میں اضافہ اور سرد پانی کی آبی زراعت کو فروغ دینا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ضلع میں جدید ہیچریاں، فیڈ ملز، ٹراؤٹ ریس ویز اور کولڈ چین کی سہولیات سمیت جامع بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جائے گا۔محکمہ ماہی گیری کے مطابق اس اہم پیش رفت سے نہ صرف ٹراؤٹ فارمنگ کو مضبوطی ملے گی بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔