بی آر ایس کے کارگزار صدر اور سابق وزیر کے ٹی آر جوبلی ہلز حلقہ کے ضمنی انتخاب کیلئے سرگرم ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران کے ٹی آر نے موجودہ ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اگر اسی طرح ہم کانگریس کو ووٹ دیتے رہے تو اس سے ہمیں کیا فائدہ ہوگا۔ کے ٹی آر نے کہاکہ میں نے دیکھا ہے کہ پچھلے 75 برسوں سے خاص طور پر ہمارے مسلمان بھائی اور بہنیں کانگریس کو ووٹ دے رہے ہیں لیکن اس کے بدلے کانگریس پارٹی نے اقلیتوں کو ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے۔ آپ نے کانگریس کو ایک بار نہیں دو بار نہیں بلکہ 11 مرتبہ مرکز میں اور ریاست میں حکومت بنانے کے پانچ چھ سے زیادہ مواقع دیے۔ لیکن اس کے باوجود آج بھی ریاست کے مسلمان غریب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس کا ذمہ دار کون ہے جو 65 سال تک غریبی دور کرنے کا وعدہ کرتے رہے لیکن اس کے باوجود مسلمانوں کیلئے کچھ نہیں کیاگیا۔ انہوں نے جوبلی ہلز سے بی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔
دوسری جانب حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کو کانگریس نے اپنے وقار کا مسئلہ بنالیاہے۔ اس حلقہ میں کانگریس کے تمام اہم قائدین زور وشور سے انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ اس دوران کل رات چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ٹی پی سی سی صدر و ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ۔ وزیر آئی ٹی ڈی سریدھر بابو۔ محمد اظہر الدین۔ پونم پربھاکر کے ساتھ پارٹی امیداور نوین یادو اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد ریاست میں کئی فلاحی اسکیموں کا آغاز کیاگیا۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے بی آر ایس حکومت اور بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ساتھ ہی کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس کی جیت سے حکومت کو مضبوطی ملے گی ۔
اسکے علاوہ مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے سابق صدر جی کشن ریڈی نے بھی آج جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کی مہم میں حصہ لیا ۔ کشن ریڈی نے رحمت نگر ڈویژن کا پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور انہیں بی جے پی امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی ترغیب دی۔ کشن ریڈی نے کانگریس اور بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ یہ دونوں پارٹیاں اپنے دور اقتدار میں عوامی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں رہیں۔ کشن ریڈی نے کہاکہ جوبلی ہلز سے بی جے پی کی کامیابی کے نتیجہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کی راہ ہموار ہوگی۔