Friday, November 28, 2025 | 07, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • کشمیر میں گزشتہ 18 سالوں کا سب سے سرد مہینہ،مزید ہوگی کڑاکے کی ٹھنڈ

کشمیر میں گزشتہ 18 سالوں کا سب سے سرد مہینہ،مزید ہوگی کڑاکے کی ٹھنڈ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Nov 28, 2025 IST

کشمیر میں گزشتہ 18 سالوں کا سب سے سرد مہینہ،مزید ہوگی کڑاکے کی ٹھنڈ
سری نگر: کشمیر اس وقت 2007 کے بعد کا سب سے ٹھنڈا نومبر جھیل رہا ہے۔ وادی کے کئی علاقوں میں رات کا درجہ حرارت جمود کے نقطے سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ شدید سردی کی وجہ سے لوگوں کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ سری نگر میں گزشتہ رات سیزن کی اب تک کی سب سے ٹھنڈ رات رہی۔ جب درجہ حرارت -4.5 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا، جو پچھلی رات کے -4.4 ڈگری سے بھی کم ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے رات کے درجہ حرارت میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ حکام کے مطابق سری نگر میں یہ درجہ حرارت معمول سے 4 ڈگری سے بھی زیادہ نیچے ہے۔
 
پلوامہ ضلع میں کونی بل سب سے ٹھنڈی جگہ:
  
وادی کے کئی موسمی مراکز نے 2007 کے بعد نومبر میں سب سے کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا ہے۔ سری نگر میں 28 نومبر 2007 کو کم سے کم درجہ حرارت -4.8 ڈگری سیلسیس تھا۔ جبکہ شہر میں نومبر کا اب تک کا سب سے کم درجہ حرارت -7.8 ڈگری سیلسیس ہے جو 1934 میں ریکارڈ ہوا تھا۔ حکام نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں کونی بل سب سے ٹھنڈی جگہ رہی، جہاں رات کا درجہ حرارت -6 ڈگری سیلسیس تک گر گیا۔ وادی کا دروازہ کہلانے والے قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت -4.4 ڈگری سیلسیس رہا۔
 
درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع:
  
شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں درجہ حرارت -4.8 ڈگری سیلسیس رہا، جبکہ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں -1.8 ڈگری اور مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں -5.5 ڈگری سیلسیس رہا۔ گلمرگ سکی ریزورٹ میں -1.4 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
 
محکمہ موسمیات نے کشمیر میں 10 دسمبر تک زیادہ تر خشک موسم کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ اس دوران رات کے درجہ حرارت میں مزید کمی آسکتی ہے، یعنی کڑاکے کی ٹھنڈ کا سامنا ہوگا۔ لوگوں کو شدید سردی سے بچاؤ کے لیے تیار رہنے کی صلاح دی گئی ہے۔