• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • کرشنا جنم بھومی کیس: الہ آباد ہائی کورٹ نے شاہی عیدگاہ کو متنازعہ ڈھانچہ قرار دینے کی ہندو فریق کی درخواست کوکیا مسترد

کرشنا جنم بھومی کیس: الہ آباد ہائی کورٹ نے شاہی عیدگاہ کو متنازعہ ڈھانچہ قرار دینے کی ہندو فریق کی درخواست کوکیا مسترد

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 04, 2025 IST     

image
 متھرا کے سری کرشنا جنم بھومی۔ شاہی عیدگاہ کیس میں ایک اہم پیش رفت  ہوئی۔ متھرا شاہی عیدگاہ اور شری کرشنا جنم بھومی تنازعہ کیس میں ہندو فریقین کو عدالت سے جھٹکا لگا ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے ہندو فریق کی طرف سے داخل کی گئی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ عرضی گزار نے متھرا کی شاہی مسجد کو متنازعہ ڈھانچہ قرار دینے کی کوشش کی گئی تھی۔
 
ہندو فریق کی جانب سے ایڈوکیٹ مہندر پرتاپ سنگھ کی طرف سےدرخواست A-44،  دائر کی گئی۔ جس کا مقصد شاہی عیدگاہ مسجد کو سرکاری طور پر عدالتی ریکارڈ اور مزید کارروائیوں میں "متنازع ڈھانچہ"  قرار دینے کی اپیل کی تھی۔ یہ عرضی شاہی عیدگاہ مسجد کے ذریعہ سری کرشنا جنم بھومی مندر کے احاطے کے قریب زمین پر مبینہ طور پر قبضے سے متعلق ایک بڑے کیس کا حصہ تھی۔اس کیس کی سماعت  کرنےو الی جسٹس رام منوہر نارائن مشرا کی سنگل بنچ،نے درخواست کو مسترد کر دیا۔
 
درخواست میں خصوصی طور پر عدالت سے استدعا کی گئی کہ متعلقہ اسٹینوگرافر کو ہدایت دی جائے کہ وہ جاری کیس کی تمام دستاویزات اور آئندہ کی کارروائی کے دوران "شاہی عیدگاہ مسجد" کی اصطلاح کو "متنازعہ ڈھانچہ" سے تبدیل کرے۔تاہم مسلم فریق نے اس مطالبے پر تحریری اعتراض جمع کرایا، مسجد کے سرکاری حوالوں میں اس طرح کی کسی بھی تبدیلی کی مخالفت کی۔دونوں فریقین کی جانب سے عرضداشتوں کا جائزہ لینے کے بعد، ہائی کورٹ نے درخواست کو مسترد کر دیا اور مسلم فریق کے اعتراض کو برقرار رکھا۔
 
قابل ذکر ہے کہ ہندو فریق نے شاہی عیدگاہ کے ڈھانچے کو منہدم کرنے کے بعد زمین پر قبضہ کرنے اور وہاں مندر کی بحالی کے لیے 18 مقدمات درج کرائے ہیں۔ اس سے قبل یکم اگست 2024 کو الہ آباد ہائی کورٹ نے مسلم فریق کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا جس میں ہندو فریقین کی طرف سے دائر کردہ ان مقدمات کی برقراری کو چیلنج کیا گیا تھا۔ہندو عقیدت مندوں کا ماننا ہے کہ بھگوان کرشن کی جائے پیدائش ہے۔اس کیس کی اگلی سماعت 2 اگست کو مقرر کی گئی ہے۔
 
اپنے حکم میں، عدالت نے کہا تھا کہ یہ سوٹ محدود مدت، وقف ایکٹ اورعبادت گاہوں کے ایکٹ، 1991 کے ذریعہ روکے نہیں ہیں۔ عبادت گاہوں کا قانون کسی بھی مذہبی ڈھانچے کی حیثیت کو تبدیل کرنے سے منع کرتا ہے جیسا کہ یہ 15 اگست 1947 کو موجود تھا۔23 اکتوبر 2024 کو عدالت نے شاہی عید گاہ کیس میں 11 جنوری 2024 کے حکم کو واپس لینے کی مسلم فریق کی درخواست کو مسترد کر دیا۔