پارلیمنٹ کےسرمائی اجلاس کے مسلسل دوسرے دن لوک سبھا میں کام کاج ٹھپ رہا۔ اپوزیشن ایس آئی آر پر بحث کی مانگ کو لیکر ہنگامہ آرائی کی ہے۔ لیکن اب بدھ کو پارلیمنٹ میں کاروائی معمول کےمطابق چلنے کا امکان ہے۔حکمراں اتحاد این ڈی اے نے لوک سبھا میں ووٹر لسٹ کی 'خصوصی جامع نظرثانی (SIR)' پر بحث کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس کا انکشاف پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے میڈیا سے کیا۔ کرن رجیجونے کہا کہ لوک سبھا میں 8 دسمبر کو وندے ماترم پڑھنے پر اور 9 دسمبر کو انتخابی اصلاحات پر بحث ہوگی۔
اسپیکرنے طلب کی آل پارٹی میٹنگ
انتخابی اصلاحات پر بحث کے ایک حصے کے طور پر ووٹرز لسٹ میں خصوصی جامع نظر ثانی (SIR) پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دریں اثناء پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس پیر کو شروع ہوا۔ اپوزیشن جماعتوں نے مطالبہ کیا کہ پہلے دن 'SIR' پر بحث کی جائے۔ ان خدشات کے درمیان ایوان کی کاروائی منگل تک ملتوی کر دی گئی۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے بھی اسی معاملے پر بحث پر اصرار کیا اور آخر کار واک آؤٹ کر دیا۔ اجلاس کے دوسرے دن بھی یہی صورتحال پیدا ہوئی، اسپیکر اوم برلا نے آل پارٹی ارکان کے ساتھ میٹنگ کی۔ آخر کار حکمران جماعت نے بات چیت پر اتفاق کیا۔ تاہم، یہ خاص طور پر ' ایس آئی آر ' پر بحث نہیں کرے گا بلکہ انتخابی اصلاحات کے وسیع تر مسئلے کو ایوان کے سامنے رکھے گا۔
8دسمبرکو 12بجے دوپہروندے ماترپر بحث
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ لوک سبھا میں قومی ترانے وندے ماترم کی 150 ویں سالگرہ اور انتخابی اصلاحات پر بحث ہوگی۔ یہ فیصلہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی زیر صدارت آل پارٹی میٹنگ اور بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) کی میٹنگ کے بعد لیا گیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ لوک سبھا اسپیکر کی صدارت میں ایک آل پارٹی میٹنگ منعقد ہوئی، 8 دسمبر بروز پیر دوپہر 12 بجے سے لوک سبھا میں وندے ماترم کی سالگرہ پر بحث کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 9 دسمبر بروز منگل صبح 12 بجے سے ایس آئی آر کے معاملے پر بحث ہو گی ۔مرکزی وزیر نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی اے سی میٹنگ میں 8 تاریخ کو لوک سبھا میں وندے ماترم پر تفصیلی بحث کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس کے لئے دس گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کریں گے بحث کا آغاز
وزیر اعظم نریندر مودی تاریخی بحث کا آغاز کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس بات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ لوک سبھا کو کل سے شروع ہونے والے سرمائی اجلاس میں بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی سرگرمیاں چلانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ فریقین نے ایوان کی کاروائی کو خوش اسلوبی سے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور سنجیدہ مسائل پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
9اور 10 دسمبر کو ایس آئی آر پر بحث
کرن رجیجو نے کہا کہ 9 اور 10 دسمبر کو ایس آئی آر کے معاملے پر بحث ہوگی اور اس کے لیے دس گھنٹے کا وقت مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ بحث ختم ہونے کے بعد مرکزی وزیر ارجن رام میگھوال 10 دسمبر کو جواب دیں گے۔یکم دسمبر سے شروع ہوا پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 19 تاریخ تک جاری رہے گا۔ یہ 15 دن تک جاری رہے گا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پہلے دو دن افراتفری رہی۔