Tuesday, December 30, 2025 | 10, 1447 رجب
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • اتر پردیش: لکھنؤ کے لولو مال کے خلاف انکم ٹیکس کی بڑی کارروائی

اتر پردیش: لکھنؤ کے لولو مال کے خلاف انکم ٹیکس کی بڑی کارروائی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Dec 30, 2025 IST

اتر پردیش: لکھنؤ کے لولو مال کے خلاف انکم ٹیکس کی بڑی کارروائی
اترپردیش کے لکھنؤ واقع لولو مال کے خلاف انکم ٹیکس محکمہ نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے لولو مال کا اکاؤنٹ سیل کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ تقریباً 27 کروڑ روپے کے ٹیکس کی ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے یہ کارروائی کی گئی ہے۔ لولو مال کا بینک اکاؤنٹ لکھنؤ کے بینک آف بڑودہ میں ہے۔ مال پر کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کا الزام ہے۔ سال 2025 کے ٹیکس آڈٹ کے بعد انکم ٹیکس محکمہ نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس کارروائی کے بعد علاقے میں ہلچل مچ گئی ہے اور اس معاملے پر چرچائیں تیز ہو گئی ہیں۔
 
لولو مال اکثر تنازعات میں رہا ہے
 
لولو مال کے افتتاح کے بعد سے ہی یہ کئی بار تنازعات میں گھرا رہا ہے۔ کبھی مال میں نماز پڑھنے کے معاملے پر تو کبھی حلال گوشت اور مذہب تبدیلی جیسے الزامات کو لے کر لولو مال سرخیوں میں رہا ہے۔ سال 2022 میں مال میں نماز پڑھنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، جس کے بعد ہندو تنظیموں نے اعتراض کیا اور مال انتظامیہ پر ایک خاص مذہب کے لوگوں کو ملازمت میں ترجیح دینے کا الزام لگایا تھا۔
 
اسی سال جولائی میں لولو مال کے ایک کیش سپروائزر کو اپنی ساتھی ملازمہ کے ساتھ زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ ملزم نے متاثرہ خاتون کو نشہ آور چیز پلا کر زیادتی کی، اس پر مذہب تبدیل کرنے کا دباؤ ڈالا اور جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ اس واقعے کے بعد عوام میں شدید ناراضگی دیکھنے کو ملی تھی۔
 
سی ایم یوگی نے کیا تھا افتتاح
 
قابلِ ذکر ہے کہ لکھنؤ کا لولو مال ملک کے سب سے بڑے مالز میں سے ایک ہے۔ اس مال کا افتتاح وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کیا تھا۔ یہ مال تقریباً 22 لاکھ اسکوائر فٹ رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اسے تقریباً 2000 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔مال میں مقامی، قومی اور بین الاقوامی برانڈز کے شوروُم موجود ہیں۔ اس کے علاوہ مال میں 22 میٹر چوڑا کوریڈور بھی ہے، جو اسے خاص بناتا ہے۔