• News
  • »
  • قومی
  • »
  • مہاراشٹر اسمبلی میں بارش سے تباہی پر ہنگامہ، حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے

مہاراشٹر اسمبلی میں بارش سے تباہی پر ہنگامہ، حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 06, 2026 IST

مہاراشٹر اسمبلی میں بارش سے تباہی پر ہنگامہ، حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے
مہاراشٹر میں مسلسل موسلا دھار بارش سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کا معاملہ ریاستی اسمبلی میں بھی گونج اٹھا، جہاں حکمراں اتحاد اور اپوزیشن کے درمیان شدید ہنگامہ آرائی اور الزام تراشی دیکھنے میں آئی۔ ارکان نے بارش سے متعلق حادثات، شہری انتظامیہ کی کارکردگی اور حفاظتی اقدامات پر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
 
کانگریس کے رکن اسمبلی امین پٹیل نے ممبئی میں حالیہ بارش کے دوران پیش آنے والے حادثات اور اموات کے لیے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ برسوں کی بدعنوانی، ناقص منصوبہ بندی اور شہری ڈھانچے کی کمزوری کے باعث شہریوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا ہائی کورٹ ازخود نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
 
ادھر شیو سینا کے رکن اسمبلی توکارام رام کرشنا کاٹے نے کہا کہ ریاست بھر میں پرانے اور خطرناک درختوں کا فوری سروے کرایا جائے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے خستہ حال جھونپڑیوں کی ازسرِ نو تعمیر اور محفوظ رہائش کے انتظامات پر بھی زور دیا۔
 
مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے نائب چیئرمین سچن اہیر نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سیاسی الزام تراشی کے بجائے تمام جماعتوں کو متحد ہو کر عوام کی حفاظت اور مزید نقصان کی روک تھام کے لیے کام کرنا چاہیے۔
 
دوسری جانب مسلسل بارش اور خراب موسمی حالات کے باعث ریاستی اسمبلی کی کارروائی ایک روز کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صرف ممبئی میں 350 درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں، جس سے کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
 
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بارش سے متعلق حادثات اور اپوزیشن کے اٹھائے گئے تمام سوالات کا حکومت تفصیلی جواب دے گی۔ وزیر اعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے تیز ہواؤں اور مزید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر دوپہر کے بعد غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور صرف ناگزیر صورت میں ہی سفر کریں۔ انہوں نے عوام سے انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات اور حفاظتی الرٹس پر مکمل عمل کرنے کی بھی درخواست کی۔
 
بعد ازاں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے منترالیہ میں قائم ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شدید بارش کی صورتحال، امدادی سرگرمیوں اور احتیاطی اقدامات کا اعلیٰ سطحی جائزہ لیا۔ اجلاس میں وزیر گریش مہاجن سمیت مختلف محکموں کے سینئر حکام شریک ہوئے اور متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔