مرشدآباد، مغربی بنگال — پولیس نے جمعہ کے روز مرشدآباد ضلع کے بهرامپور،جلانگی علاقے میں اسلحہ اور گولہ بارود کی بھاری کھیپ ضبط کرتے ہوئے دو مشتبہ اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ مرشدآباد ریاست میں سیاسی تشدد کے سب سے زیادہ واقعات کے لیے بدنام رہا ہے۔اور یہ تازہ کاروائی 2026 کے اسمبلی انتخابات سے قبل ہوئی ہے ۔
برہان پور پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اِنچارچ اُدے سنکر گھوش نے بتایا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کاروائی کی گئی اور پولیس ملزمان کو پکڑنے کے لیے مناسب وقت کا انتظار کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا، "ہم نے دونوں کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے پانچ دن کی پولیس ریمانڈ ملی ہے۔ مزید تفصیلات تفتیش کے بعد بتائی جائیں گی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دونوں ملزمان —جو جلانگی کے رہائشی ہیں—ایک بڑے اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ ہوسکتے ہیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اسلحہ ریاست سے باہر بھیجا جا رہا تھا یا مقامی سطح پر انتخابی تناؤ میں استعمال ہونا تھا۔
ادھر فارکا میں پولیس کو 20 سے 25 دیسی بم بھی ملے، جس سے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش سے متصل اس خطے میں پہلے بھی اسلحہ اور جعلی کرنسی کی اسمگلنگ کے متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں، جن میں جولائی 2025 کا ڈومکل آپریشن بھی شامل ہے، جہاں سے اسلحہ، جعلی کرنسی اور ان کے آلات برآمد ہوئے تھے۔
اس واقعے کے بعد ریاست بھر میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ کولکتہ ایس ٹی ایف بھی مرشدآباد میں اُن فعال نیٹ ورکس پر مسلسل چھاپے مار رہی ہے، جن پر اسلحہ اور جعلی کرنسی کے دھندے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ریمانڈ کے دوران سپلائی چین اور اس نیٹ ورک کے بڑے رابطوں تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی، اور سیاسی تشدد کے سلسلے کو روکنے کے لیے ’’زیرو ٹالرینس‘‘ پالیسی اپنائی جائے گی۔