Wednesday, November 05, 2025 | 14, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • ممتا بنرجی نے ایس آئی آر کے خلاف بنگال میں نکالی ریلی۔ بی جےپی اور ای سی پربولا حملہ

ممتا بنرجی نے ایس آئی آر کے خلاف بنگال میں نکالی ریلی۔ بی جےپی اور ای سی پربولا حملہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Nov 04, 2025 IST

ممتا بنرجی نے ایس آئی آر کے خلاف بنگال میں نکالی ریلی۔ بی جےپی اور ای سی پربولا حملہ
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے کولکتہ میں ایک بڑے احتجاجی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے مرکز اور بی جے پی پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ یہ احتجاج ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی (Special Intensive Revision – SIR) کے خلاف تھا، جسے ٹی ایم سی نے ’’خاموش اور پوشیدہ رِگنگ‘‘ قرار دیا ہے۔ مارچ کولکتہ میں ریڈ روڈ سے شروع ہو کر رابندرناتھ ٹیگورآبائی گھر  جورا سانکو ٹھاکر باری تک 3.8 کلومیٹر تک جاری رہا، جہاں ہزاروں کارکنوں نے پارٹی پرچموں اور نعرے بازی کے ساتھ شرکت کی۔

 بی جے پی بنگالی بولنے والوں کی شہریت پرسوال اٹھا رہی ہے

وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنگلہ زبان بولنے والوں کو بنگلہ دیشی قرار دینا انتہائی افسوسناک اور فرقہ وارانہ سیاست ہے۔ انہوں نے کہا:"جیسے ہندی یا پنجابی بولنے والوں کو پاکستانی نہیں کہا جاتا، ویسے ہی بنگلہ بولنے والوں کو بنگلہ دیشی کہنا ناانصافی ہے"۔ممتا بنرجی نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی بنگالی بولنے والوں کو غیر قانونی مہاجر قرار دے کر ان کی شہریت پر سوال اٹھا رہی ہے۔

 انتخابی فائدہ  کےلئے ایس آئی آر!

ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی ووٹر لسٹ میں تبدیلی کے ذریعے ریاست میں انتخابی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ ان کے بقول، اگر ریاست کے کسی ایک بھی جائز ووٹر کا نام ہٹایا گیا تو ’’مودی حکومت کا زوال ناگزیر ہوگا‘‘۔انہوں نے کہا کہ SIR کا مقصد اپوزیشن کے حامیوں کو ووٹر لسٹ سے خارج کرنا ہے تاکہ بی جے پی کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔ ممتا نے اس عمل کو "خاموش اور نظر نہ آنے والی دھاندلی" قرار دیا ۔

خوف سے7افراد کی خودکشی 

ٹی ایم سی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ SIR کے خوف سے سات افراد نے خودکشی کی ہے۔پارٹی کے رہنما ابھیشیک بنرجی نے مرکزی حکومت پر عام شہریوں کو پریشان کرنے کا الزام لگاتے ہوئے دہلی میں بڑے احتجاج کی دھمکی دی۔

بی جےپی نے الزامات کئے مسترد

بی جے پی نے تاہم ٹی ایم سی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ SIR انتخابی شفافیت اور ووٹر لسٹ کی درستگی کے لیے ضروری ہے۔

ایس آئی آر آسام اور تریپورہ میں کیوں نہیں؟

ممتا بنرجی نے سوال اٹھایا کہ یہ مہم صرف اپوزیشن کی ریاستوں—بنگال، کیرالہ اور تمل ناڈو—میں کیوں چل رہی ہے جبکہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں جیسے آسام اور تریپورہ میں نہیں چلائی جارہی ہے۔

 بنگال کی سیاست میں گرماہٹ

سیاسی ماہرین اور مبصرین کے مطابق یہ معاملہ 2026 کے اسمبلی انتخابات سے قبل ایک بڑا سیاسی مدعا بن چکا ہے، جس نے بنگال کی سیاست میں گرماہٹ پیدا کر دی ہے۔

 ایس  آئی آر ’’بیک ڈور این آر سی‘‘ 

ریاست مغربی بنگال 2002 کے بعد پہلی بار اس بڑے پیمانے پر ووٹر لسٹ کی نظرِ ثانی کا سامنا کر رہی ہے۔ بی جے پی اسے ’’ووٹر لسٹ کی صفائی‘‘ کہہ رہی ہے جبکہ ٹی ایم سی اسے ’’بیک ڈور این آر سی‘‘ قرار دے کر سخت مخالفت کر رہی ہے۔

خاموش، پوشیدہ رِگنگ: ٹی ایم سی 

ٹی ایم سی اور اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ SIR کا مقصد ان کے حامی ووٹرز کو لسٹ سے خارج کرنا اور بی جے پی کو فائدہ پہنچانا ہے۔ پارٹی نے اس عمل کو ’’خاموش، پوشیدہ رِگنگ‘‘ قرار دیا۔

الیکشن کمیشن کی جانبداری!

انہوں نے کہا کہ مرکز کی حکمران جماعت کے حق میں واضح جانبداری برتی جا رہی ہے اور الیکشن کمیشن کو جواب دینا چاہیے کہ ’’آسام، تریپورہ اور شمال مشرق کی دیگر بی جے پی زیرِ حکومت ریاستوں میں SIR کیوں نہیں کیا جارہاہے ؟‘‘

 بی جے پی کی ای سی سے مانگ

ادھر، بی جے پی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر الزام لگایا ہے کہ مغربی بنگال حکومت بڑے پیمانے پر ’’جعلی‘‘ اور ’’پچھلی تاریخوں والے‘‘ دستاویزات جاری کر رہی ہے، اور ووٹر شناخت کی جانچ میں سخت احتیاط برتنے کا مطالبہ کیا۔