تلنگانہ کے منچریال ضلع میں ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا جس سے پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ جے پور منڈل کے اندارم ایکس روڈ کے قریب علی الصبح اس وقت حادثہ پیش آیا جب سڑک کے کنارے کھڑی ایک بولیرو گاڑی کو پیچھے سے ایک تیز رفتار لاری نے ٹکر مار دی۔اس خوفناک حادثے میں موقع پر ہی تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 11 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر چیخ و پکار مچ گئی جس کی وجہ سے مقامی افراد بڑی تعداد میں وہاں جمع ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور راحت و بچاؤ کاموں کا آغاز کیا۔
پولیس کے مطابق بولیرو گاڑی مہاراشٹرا سے 23 مزدوروں کو لے کر کریم نگر جا رہی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بولیرو سڑک کنارے کھڑی تھی اسی دوران تیز رفتاری اور لاپرواہی کے باعث لاری ڈرائیور نے پیچھے سے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔تمام زخمیوں کو فوری طور پر منچریال کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے لاری ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہے۔
سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے حکومتیں کتنے ہی اقدامات کیوں نہ کر لیں، اس کے باوجود کہیں نہ کہیں حادثات پیش آ ہی جاتے ہیں، جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، ضلع کے اندارم کراس روڈ کے قریب پیر کے روز ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ سڑک کے کنارے کھڑی ایک بولیرو گاڑی کو تیز رفتار لاری نے زور دار ٹکر مار دی۔ اس حادثے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق، مہاراشٹر سے کریم نگر ضلع میں دھان کی روپائی کے لیے 23 مزدور بولیرو گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ اسی دوران اندارم کراس کے قریب بولیرو گاڑی کچھ دیر کے لیے رکی تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار لاری بے قابو ہو کر آئی اور اس نے کھڑی بولیرو کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی میں سوار تین افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ متعدد مزدور بری طرح زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔