Saturday, December 27, 2025 | 07, 1447 رجب
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • مہراج ملک کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے نہیں ملی راحت

مہراج ملک کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے نہیں ملی راحت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Dec 27, 2025 IST

مہراج ملک کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے  نہیں ملی راحت
 
جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں مہراج ملک کیس معاملہ میں آج 27 دسمبر ہفتہ کو سماعت ہوئی، جس میں ڈوڈا اسمبلی حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے مہراج ملک کو کوئی راحت نہیں ملی۔ اس سماعت کے بعد عدالت نے اگلی سماعت کی تاریخ 29 جنوری مقرر کی۔
 
سماعت کے دوران، عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے کی قانونی ٹیم کے رکن ایڈوکیٹ اپو سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ مہراج ملک کی قانونی ٹیم نے عدالت کے سامنے ایک خصوصی درخواست کی تھی، جس میں جلد سماعت کی درخواست کی گئی تھی۔ تاہم عدالت نے اس درخواست کو قبول نہیں کی۔ بعد ازاں دوپہر کو معاملے کی سماعت ہوئی۔
 
ایڈوکیٹ اپو سنگھ نے بتایا کہ سماعت کے دوران عدالت نے مہراج ملک کی قانونی ٹیم سے پوچھا کہ کیا انہوں نے کیس سے متعلق تمام ضروری دستاویزات اور کاغذات عدالت میں جمع کرائے ہیں یا ان کے پاس کوئی اور گذارشات ہیں۔ قانونی ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ تمام ضروری دستاویزات پہلے ہی جمع کرادیئے گئے ہیں۔
 
سماعت کے دوران سینئر وکیل سنیل سیٹھی نے ہائی کورٹ بنچ کے سامنے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک بحث کی۔ سماعت کے اختتام کے بعد، عدالت نے اگلی سماعت 29 جنوری کو مقرر کی۔ عدالت کے احاطے میں معراج ملک کے بہت سے حامی موجود تھے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آج کی سماعت کے بعد ملک کے خلاف پی ایس اے اٹھا لیا جائے گا۔ تاہم جب عدالت نے اگلی سماعت 29 جنوری کو کرنے کا اعلان کیا تو انہیں مایوسی ہوئی۔
 
وہ کن معاملات پر تنازعہ میں ہیں؟
 
معراج ملک کا نام ستمبر 2025 میں اس وقت روشنی میں آیا جب انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت گرفتار کیا گیا۔ ان پر امن عامہ کو خراب کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ اس کاروائی کے ساتھ، وہ جموں و کشمیر کے پہلے موجودہ ایم ایل اے بن گئے ہیں جن کے خلاف PSA کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
 
کانگریس اور نیشنل کانفرنس سمیت کئی سیاسی جماعتوں نے اس گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا اور اس کاروائی کی تنقید کی۔ دریں اثناء کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ معراج ملک کے خلاف کل 18 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور ان پر متعدد مواقع پر متنازعہ بیانات دینے کا الزام لگایا گیا ہے۔
 
مہراج ملک کون ہے؟
 
مہراج ملک کا تعلق جموں و کشمیر کے ڈوڈا ضلع سے ہے۔ 37 سالہ مہراج ملک نے 2013 میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی، اس وقت جموں و کشمیر میں آپ کی تنظیم ابتدائی دور میں تھی، اور معراج ملک پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط کرنے میں سرگرم کردار ادا کر رہے تھے۔
 
ملک نے اپنی پہلی بڑی سیاسی کامیابی 2020 میں اس وقت حاصل کی جب وہ ڈوڈا ضلع کے کہارا حلقہ سے ضلع ترقیاتی کونسل کے رکن منتخب ہوئے۔ اس جیت کو اہم سمجھا جاتا تھا کیونکہ وہ جموں و کشمیر میں AAP کے پہلے منتخب نمائندے بنے۔ اس کے بعد اکتوبر 2024 میں ہونے والے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں مہراج ملک نے بی جے پی امیدوار کو شکست دے کر ڈوڈا اسمبلی سیٹ جیت لی۔
 
اس جیت کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی پہلی بار جموں و کشمیر اسمبلی میں داخل ہوئی اور مہراج ملک پارٹی کے واحد ایم ایل اے بن گئے۔ مارچ 2025 میں، پارٹی نے انہیں ریاست میں تنظیم کو بڑھانے کی ذمہ داری دیتے ہوئے جموں و کشمیر کا ریاستی صدر مقرر کیا۔ اس وقت مہراج ملک جیل میں ہیں، اور ان کے حامی ان کی جلد رہائی کی امید کر رہے ہیں۔