کولمبیا میں ایک فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ اس ہولناک حادثے میں اب تک 66 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہیں۔یہ طیارہ فوجیوں کی نقل و حرکت کیلئے استعمال ہوتاہے۔حادثے کے وقت طیارے میں 114 فوجی اور 11 عملے کے ارکان سوار تھے۔ فضائیہ کے کمانڈر نے بتایا کہ جہاز میں 114 فوجی عہدیدار اور 11 عملہ کے ارکان سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ طیارے کے ملبے سے 48 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے اور وہ اسپتال میں ہیں۔علاقائی گورنر جان گیبریل نے کہا کہ اس واقعہ میں آٹھ افراد کے ہلاک اور 80 سے زیادہ زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
طیارے میں گولہ بارود بھی تھا:
کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے کہا کہ لاک ہیڈ مارٹن کے بنائے گئے ہرکولیس C-130 ٹرانسپورٹ طیارے کو "پوئرٹو لیگُیزامو سے اڑان بھرتے وقت ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا"۔ سانچیز نے بتایا کہ طیارے میں گولہ بارود بھی لے جایا جا رہا تھا، جس کی وجہ سے آگ لگنے کے بعد شدید دھماکہ ہوا۔ ہلاک ہونے والوں میں 58 فوجی، 6 فضائیہ کے اہلکار اور 2 پولیس افسران شامل ہیں۔
ریسکیو آپریشن مشکل:
کولمبیائی میڈیا کے مطابق، جس جگہ طیارہ گرا ہے وہ پہلے سے ہی منشیات کے گروہوں اور مسلح تنظیموں کے خلاف شدید فوجی کاروائیوں کا علاقہ ہے، جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ جائے وقوعہ سے ملنے والی تصاویر میں عام شہری ملبے کے درمیان راستہ بناتے نظر آ رہے ہیں، جبکہ گھنے جنگل کے اوپر دھواں اور آگ کی لپیٹیں اٹھ رہی ہیں۔ شہدا اور زخمیوں کو نکالنے میں بہت مشقت کرنی پڑی۔
فروری میں بھی C-130 ہرکولیس کا حادثہ ہوا تھا:
امریکی ساختہ C-130 ہرکولیس طیارے کا استعمال فوجیوں کی نقل و حرکت کے لیے کیا جاتا ہے۔ بولیویا میں ہونے والے حادثے کے بعد یہ ایک ماہ کے اندر دوسرا ہرکولیس حادثہ ہے۔ اس سے پہلے 27 فروری کو لا پاز کے قریب بولیویائی فوجی کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دشوار علاقوں میں اڑان بھرنے کے لیے مشہور اس طیارے کا استعمال دنیا بھر کی مسلح افواج بڑے پیمانے پر کرتی ہیں۔
حادثہ کیسے پیش آیا؟
حادثہ اس وقت پیش آیا جب کولمبیائی فضائیہ کا فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ جنوبی ایمیزون علاقے میں پیرو کی سرحد پر واقع پوئرٹو لیگُیزامو سے اڑان بھر رہا تھا۔ اچانک طیارہ بے قابو ہو کر جنگل میں گر گیا، جس کے بعد جنگل میں آگ کی لپیٹیں اور دھواں کا بادل دیکھا گیا۔ ابھی تک حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔ کولمبیائی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ یہ کولمبیا کی تاریخ کا اب تک کا سب سے ہولناک طیارہ حادثہ ہے۔