آسٹریلیا کےدورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (MCG) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نوجوان کرکٹرز سے ملاقات کی اور ان سے بات چیت کی۔
اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا کہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں قدم رکھنا ہر بھارتی کے لیے ایک خاص احساس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہاں کسی میچ میں جیت یا ہار کا دباؤ نہیں، بلکہ کھیل کی خوشی، دونوں ممالک کی دوستی اور مستقبل کے نوجوان کھلاڑیوں کے جذبے کو دیکھنےکاموقع ملا ہے۔
کھیلوں میں تعاون کے لئےنئے منصوبے کا اعلان
دورے کے دوران وزیر اعظم مودی نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کے ساتھ مل کر بھارت۔آسٹریلیا کھیل تعاون روڈ میپ کا آغاز بھی کیا۔
مودی نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے دونوں ممالک صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ دوسرے کھیلوں میں بھی تعاون بڑھائیں گے۔ اس کے علاوہ کھیلوں کی تربیت، اسپورٹس سائنس، جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں بھی مل کر کام کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی ان کی ملاقات وزیر اعظم البانیز سے ہوتی ہے، کرکٹ ہمیشہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ایک مشترکہ موضوع بن جاتی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دونوں رہنما پہلے احمد آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھ چکے ہیں، آج میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں آکر اچھا محسوس ہو رہا ہے
مودی نے اس موقع پر سابق آسٹریلیائی کرکٹرز اسٹیو وا (Steve Waugh)اور لیزا اسٹالیکر (Lisa Sthalekar) کی موجودگی کا بھی ذکر کیا اور انہیں کھیل کی دنیا کی اہم شخصیات قرار دیا۔
اپوزیشن لیڈر سے بھی ملاقات
جمعہ کو وزیر اعظم مودی نے آسٹریلیا کے اپوزیشن لیڈر انگس ٹیلر(Angus Taylor )سے بھی ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔
بھارت کی وزارت خارجہ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بات ہوئی۔ وزارت نے کہا کہ اس ملاقات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آسٹریلیا میں بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی حمایت موجود ہے۔
دورے میں کئی اہم معاہدے
وزیر اعظم مودی 8 جولائی کو انڈونیشیا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آسٹریلیا پہنچے تھے۔ تین ملکی دورے کے آخری مرحلے میں نیوزی لینڈ جائیں گے۔
آسٹریلیا کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے سول جوہری توانائی، سمندری سلامتی اور اہم معدنیات سمیت کئی اہم شعبوں کے معاہدوں پر دستخط کیے۔
وزیر اعظم مودی اور انتھونی البانیز کی ملاقات کے دوران ہند۔بحرالکاہل خطے میں امن برقرار رکھنے اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے خاص طور پر سمندری سلامتی کے شعبے پر بھی اتفاق ہوا،
دونوں ممالک نے دو سال سے زیادہ مذاکرات کے بعد آسٹریلیا سے بھارت کو یورینیم کی تجارتی فراہمی کے معاہدے کو بھی حتمی شکل دی، جس سے بھارت کے جوہری بجلی منصوبوں کو ایندھن فراہم کیا جا سکے گا۔
اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے جامع اقتصادی تعاون کے مجوزہ معاہدے (CECA) کو جلد مکمل کرنے پر زور دیا تاکہ تجارت اور سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو سکے۔
ملاقات کے بعد 18 معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں دفاعی تعاون، سمندری سلامتی، توانائی، سائبر سیکیورٹی، جدید ٹیکنالوجی اور سپلائی چین سے متعلق معاہدے بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے آسٹریلیا میں مقیم بھارتی برادری کی تقریب میں شامل ہوۓ اس پروگرام کا نام "Melbourne Meets Modi" تھا ، جس میں آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے بھی شرکت کی۔